مصر:پرتشدد مظاہروں پر عالمی برادری کی تشویش

03:40PM Sat 6 Jul, 2013

مصر میں سابق صدر مرسی کی برطرفی کے بعد ہونے والے پرتشدد مظاہروں پر اقوام متحدہ اور امریکہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تشدد روکنے پر زور دیا ہے۔ امریکہ کے دفتر خارجہ نے مصر کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد کا خاتمہ کریں جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان گی مون نے کہا ہے کہ مظاہرین کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ سابق صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جمعے سے شروع ہونے والے مظاہروں میں تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور ایک ہزار سے بھی زیادہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی دفتر خاِرجہ کی ترجمان جین پساکی نے اپنے بیان میں کہا ’ہم تمام مصری رہنماؤں پر زور دیتے ہیں کہ وہ طاقت کے استعمال کی حوصلی شکنی کریں اور اپنے حامیوں کو تشدد سے روکیں‘۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہا ہے کہ مصر کے مستقبل کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور ان مراحل میں تمام افراد کو شامل ہونا چاہیے۔انھوں نے اپنے بیان میں ’خوفناک جنسی تشدد‘ کا ذکر بھی کیا۔ اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیکریٹری جنرل کو یقین ہے کہ یہ ایک ایسا نازک مرحلہ ہے جس میں مصری عوام کو پرامن طریقے سے جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی‘۔ اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق ’مصر کے رہنماؤں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے قول و فعل سے یہ بات ثابت کریں کہ پرامن اور جمہوری مذاکرات میں خواتین سمیت تمام افراد کو شامل کیا جائے‘ BBC URDU 130705195012_cairo_clashes_304x171_ap_nocredit