بیرونی ممالک سے کوئلہ خریداجائے گا۔ شیوکمار مہاراشٹرا سے کوئلہ خریداری میں مرکز نے رکاوٹ پیداکردی ہے
09:41AM Sat 2 Dec, 2017
بنگلور۔یکم ؍دسمبر(سالار) ریاست کرناٹک میں کوئلہ کی قلت دور کرنے بیرونی ممالک سے کوئلہ خریدنے کی کارروائی جاری ہے۔ ریاستی وزیر برائے توانائی ڈی کے شیوکمار نے آج کہاکہ بیرونی ممالک سے کوئلہ خریدنے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں سرکاری تھرمل پاور پلانٹوں میں کوئلہ کی قلت کی وجہ سے بجلی کی پیداوار متاثرتوہورہی ہے اس کی وجہ سے ریاست میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت جہاں کہیں بھی کوئلہ دستیاب ہے اس کو خریدکر تھرمل پاور پلانٹوں کو فراہم کرنے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ کینکل ہومنتیا کی آج37ویں برسی کے موقع پر ودھان سودھا کے روبرو کینکل ہنومنتیا کے مجسمہ کو گل ہار پہنانے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں کوئلہ کی قلت کو دور کرنے حکومت مہاراشٹرا سے کوئلہ منگوانے کے اقدام میں مرکز نے رکاوٹ پیداکردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹرا سے کوئلہ خریداری کرنے کرناٹک کے اقدام کے خلاف مرکزنے ریاست کو نوٹس جاری کی ہے۔کرناٹک کے خلاف مرکز جو چاہے کارروائی کرے،لیکن ریاست میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی قلت کی وجہ سے نجی کمپنیوں سے بجلی خریدنے کی کوشش جاری ہے۔ صنعت کار ادانی یوپی سی ایل کے ذریعہ کم شرح پر بجلی خریداری کرنے کا ہمارا مقصد ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بجلی خریداری کے معاملہ میں کوئی سیاست نہیں کی جائے گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کے مطابق مرکز کرناٹک کو کم شرح پر بجلی فراہم کرنے کے لئے تیارہے۔ ایڈی یورپا سے ہماری درخواست ہے کہ وہ مرکزی گریڈ سے فی یونٹ ڈھائی روپئے میں بجلی خریداری میں ہماری مددکریں تو ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وزیر موصوف شیوکمارنے کہا کہ 6،7اور8دسمبرکو دہلی میں منعقد ہونے والے ملک کے وزراء توانائی کی کانفرنس میں وہ کوئلہ کی قلت کا معاملہ ضروراٹھائیں گے۔