ریاستی کانگریس حکومت کا گؤ رکھشک کی بالواسطہ حمایت پر SDPIکرناٹک کی مذمت

07:02AM Mon 8 May, 2017

بنگلور (بھٹکلیس نیوز)۔سوشیل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا کرناٹک شاخہ نے وزیر اعلی سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت کا گؤ رکھشک کی بالواسطہ حمایت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبد الطیف نے اپنے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کرناٹک کانگریس حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاستی حکومت نے گؤ رکھشک گروپوں کی حفاظت کرنے کے ارادے سے سپریم کورٹ میں قانون کا دفاع کرکے بالواسطہ طور پر گؤ رکھشکوں کی حمایت کی ہے۔ ریاستی جنرل سکریٹری عبد الطیف نے مزید کہا ہے کہ غریب کسانوں،دلتوں اور مسلمانوں کو ذہنی اذیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کو تشدد کا نشانہ بنا کر ان کو بے رحمی سے قتل کرنے والے نام نہاد گؤ رکھشک غنڈوں کو سدارامیا کی قیادت والی حکومت کا ایسے غنڈوں کی حفاظت کرنے کے ایک قانون کا دفاع کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں اڈپی کے مویشی تاجر پروین پجاری کو جن نام نہا د گؤ رکھشکوں نے بے رحمی سے مار کر قتل کیا تھا ، کیا یہ سب اچھے اور نیک مقصد کے لیے تھا ؟۔ عبد الطیف نے سوال اٹھا یا کہ اگر مختلف گروپ نیک نیتی کے مقصد سے قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیں گے تو ملک میں امن و امان کی صورتحال کیا ہوگی ؟۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی جنرل سکریٹری عبد الطیف نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں رضاعی گائے کی پرورش کرنے والوں کو ہی گؤ رکھشک قرار دیا جانا چاہئے۔ ایس ڈی پی آئی لیڈر نے مطالبہ کیا کہ نام نہاد گؤ رکھشک ( گائے چوکیدار) جو اپنے آپ کو گؤ رکھشک کے محافظ ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں اور کمزور طبقات کو نشانہ بنا کر ان پر تشدد کرکے اور برادریوں کے درمیان نفرت کے بیچ بو کر پرامن معاشرے میں خلل پیدا کرتے ہیں ان پر فوری طور پر پابندی لگائی جانی چاہئے۔