Saudi Arabia Targeted in Missile Attack, India Issues Advisory; Houthis Deny Allegations of Attacks on Mecca and Medina

05:22PM Mon 26 Oct, 2026

سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ اتوار کے روز سعودی عرب نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے 10 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ وہیں، ریاض کو نشانہ بنا کر داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل اور دو ڈرونز کو بھی راستے میں ہی روکنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ جنوبی شہر خمیس مشیط کی جانب داغے گئے ایک کروز میزائل کو بھی روکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اس دوران حوثیوں نے سعودی عرب کے اہم ٹھکانوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے ساتھ ہی مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کے الزامات سے انکار کیا ہے۔ حوثی فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے ان الزامات کو ’بڑا اور سنگین جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے حملوں کا مرکز تیل کے مراکز اور فوجی ٹھکانے تھے۔ دونوں فریقوں کے ان دعوؤں کے درمیان خطے میں کشیدگی اور سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔ وہیں، ہندوستان نے بھی اپنے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حملوں کی ویڈیوز نہ بنائیں اور نہ ہی انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں۔

ریاض، ابہا اور خمیس مشیط میں الرٹ جاری
سعودی عرب کے شہری دفاع کے حکام نے ریاض، ابہا اور خمیس مشیط کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کیے تھے۔ بعد میں حکام نے بتایا کہ فوری خطرہ ٹل گیا ہے۔ ریاض میں اتوار کی علی الصبح دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ لوگوں کو فضائی حملے کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر جانے کا مشورہ دیا گیا۔

یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں، جب سعودی عرب کا کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈہ دو ہفتوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ آپریشن شروع کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ ہوائی اڈے کو 10 اکتوبر کو ہوئے ایک حملے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، اس حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔

حوثیوں نے ہفتے کے روز سعودی ہوائی اڈوں اور توانائی کے مراکز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان کے فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے خبردار کیا کہ ریاض کا کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈہ اب بھی فوجی نشانہ ہے۔ انہوں نے ایئرلائنز، ہوائی اڈے کے ملازمین اور مسافروں کو اس کے استعمال سے گریز کرنے کی وارننگ دی ۔


مکہ اور مدینہ پر حملوں کے الزامات پر حوثیوں کی وضاحت
سعودی حکام نے بتایا تھا کہ میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد مکہ اور مدینہ کے علاقوں میں ان کے ملبے گرنے کے واقعات سامنے آئے۔ اس کے بعد حوثیوں پر ان مقدس شہروں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے گئے۔ تاہم حوثی فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان الزامات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی بات غلط ہے اور ان کے حملوں کا ہدف سعودی عرب کے تیل کے مراکز اور فوجی ٹھکانے ہیں۔

دوسری جانب، سعودی قیادت والے فوجی اتحاد نے کہا کہ ینبع اور طائف کی سمت داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا تھا۔ سعودی شہری دفاع کے مطابق، جدہ، طائف اور رابغ سمیت کئی مقامات پر میزائلوں کا ملبہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

بحیرہ احمر کے اہم سمندری راستے پر بھی خطرہ
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع کا اثر بحیرہ احمر میں سمندری آمدورفت پر بھی پڑ سکتا ہے۔ حوثیوں نے گزشتہ ماہ یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اسٹریٹجک علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے باعث وہ باب المندب کے مزید قریب پہنچ گئے ہیں۔

یہ سمندری راستہ بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے جوڑتا ہے اور بین الاقوامی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ خلیجی ممالک سے ہونے والی توانائی کی فراہمی کا ایک حصہ بھی اسی سمندری علاقے سے گزر کر دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچتا ہے۔ یہاں جہازوں کی آمدورفت متاثر ہونے کی صورت میں عالمی تجارت اور تیل کی منڈی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

ہندوستان نے جاری کیا انتباہ
اس دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ہندوستان نے سعودی عرب میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانے نے لوگوں سے مقامی قوانین کی پابندی کرنے اور میزائلوں و ڈرونز کو فضا میں روکے جانے کے واقعات یا ان کے گرنے کے مقامات کے ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔ سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔

وہیں، ریاض اور دمام سے آنے اور جانے والی ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں 7 نومبر 2026 تک، جبکہ جدہ کی پروازیں 31 اکتوبر 2026 تک معطل رہیں گی۔ جدہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانے کے مطابق، متاثرہ ہندوستانی شہریوں کو کھانا، ضروری ادویات اور دیگر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔