’اسرائیل، حماس کے درمیان جنگ بندی کا جامع معاہدہ

12:52PM Thu 17 Jul, 2014

بھٹکلیس نیوز/17جولائی ،14 اسرائیلی حکام نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کا جامع معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق جنگ بندی پر عملدرآمد جمعہ کو صبح نو بجے سے ہو گا۔ اس سے قبل اسرائیل کی سکیورٹی افواج کا کہنا تھا کہ حماس نے ’انسانی بنیادوں پر جنگ بندی‘ کے دوران غزہ سے اسرائیل پر تین مارٹر داغے ہیں۔ حماس اور اسرائیل نے غزہ کے شہریوں کو خوراک ذخیرہ کرنے کی مہلت دینے کے لیے پانچ گھنٹے کی جنگ بندی کے لیے اتفاق کیا تھا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے متنبہ کیا تھا کہ اگر جنگ بندی کے دوران اس پر حملہ کیا گیا تو وہ ’اس کا فوری جواب‘ دے گی۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک غزہ کے 213 باشندے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ حماس نے اس دوران 1200 راکٹ داغے جن میں صرف ایک اسرائیلی ہلاک ہوا۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ اس کارروائی کا مقصد اسرائیل پر فلسطین کی جانب سے ہونے والے راکٹ حملوں کو روکنا ہے لیکن اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں مارے جانے والے افراد میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ جب اسرائیل کی دفاعی افواج نے فائرنگ روکی تو اس کے فوراً بعد غزہ سے تین مارٹر داغے گئے جس کی وجہ سے ایشکول کی علاقائی کونسل متاثر ہوئی۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے آٹھ جولائی سے فلسطینی علاقے میں بمباری کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور اب تک سینکڑوں حملے کیے جا چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ حملے حماس کی جانب سے اس کی سرزمین پر راکٹ حملوں کا ردعمل ہیں لیکن راکٹ حملوں سے اسرائیل میں ایک بھی شخص کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ۔