کشمیر کے برفانی تودے میں پھنس کر ہلاک فوجی کی آخری رسومات

01:47PM Thu 2 Feb, 2017

ہاسن(بھٹکلیس نیوز) سپاہی سندیپ شٹی کی لاش جن کی موت جموں و کشمیر کی گریز وادی میں برفانی تودے میں پھنس جانے سے ہوئی ' کی آخری رسومات انجام دے دی گئیں۔سندیپ شٹی کے والدین،ارکان خاندان اور دوست گذشتہ جمعہ سے ان کی لاش کا انتظار کررہے تھے ۔اسی دن انہیں ان کی موت کے بارے میں پتہ چلا۔ 25جنوری کو برفانی تودے میں وہ پھنس گئے تھے ۔ریاستی حکومت نے ان کے خاندان کیلئے 25لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ہاسن ضلع کے انچارج وزیر اے منجو نے گذشتہ روز ان کے ارکان خاندان کو یہ چیک حوالے کیا۔ پٹا راجو اور گنگما کے فرزند سندیپ شیٹی 51راشٹریہ رائفلس رجمنٹ میں اپنی سرویس کے 8ویں سال میں تھے ۔وہ اپنے داد ا اور چچا سے کافی متاثر تھے جنہوں نے قبل ازیں ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دیں۔ 2010میں سندیپ شیٹی نے خدمات کا آغاز کیا۔انہیں کشمیر منتقل کرنے سے پہلے گجرات میں تعینات کیا گیا تھا۔ 20نومبر 2016کو ان کی منگنی بنگلورو کی ایک لڑکی سے ہوئی تھی اور 22 فروری کو شادی مقرر تھی۔نومبر 2016میں سندیپ شیٹی آخری مرتبہ اپنے گاؤں آئے تھے اور انہوں نے مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔اطراف کے مواضعات کے ہزاروں افراد اور رشتہ داروں نے ان کی لاش کو عوامی دیدار کیلئے رکھے جانے پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔