ضمیر احمد خان کے ہاتھوں ایک کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام کاآغاز

02:07PM Sun 3 Mar, 2019

بنگلورو۔3مارچ( سالار نیوز)ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور ،اوقاف ،حج وغذا وشہری رسدات بی ۔ زیڈ ضمیراحمد خان اپنے حلقہ چامراج پیٹ میں ترقیاتی کام کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ انہوں نے آج اپنے حلقہ کے چامراج پیٹ اوررائے پورم وارڈوں میں ایک کروڑ روپئے کے تعمیرات کاافتتاح کیا۔ضمیر احمد نے میسور روڈ رائے پورم وارڈ کے سی اے آر کوارٹرس احاطے میں پولیس اہلکاروں اوران کے کنبہ کیلئے صبح اور شام چہل قدمی اور ورزش کیلئے 50لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر پارک کاافتتاح کیا ۔ اس کوارٹرس احاطے میں پاک وشفاف پانی کی سربراہی کیلئے 25لاکھ روپئے سے تعمیر واٹر پلانٹ کابھی افتتاح کیا ۔ اسی طرح چامراج پیٹ وارڈ کے سرسی سرکل اور رائن سرکل پر مسافروں کی سہولت کیلئے 50لاکھ روپیوں کی لاگت سے بس اسٹاپ تعمیر کیا گیا ہے ۔ دونوں بس اسٹاپ شلٹرس کابھی افتتاح کیا۔اس موقع پرضمیر احمد نے کہا کہ حلقہ کے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ اس خصوص میں سڑکوں کی تعمیر ،نالوں کی مرمت ،شفاف پینے کے پانی کے یونٹس قائم کئے جائیں گے ۔ جبکہ غریب اور مستحق مریضوں کیلئے رعایتی قیمت پر تجربہ کار ڈاکٹروں سے علاج کیلئے رائے پورم وارڈس میں سوپراسپیشالٹی اسپتال تعمیر کیاجارہا ہے ۔ جہاں اسپتال کے ساتھ اس عمارت میں اسپتال میں خدمت انجام دے رہے طبی عملہ کیلئے کوارٹرس کی بھی سہولت مہیا کی جائے گی، تاکہ ضرورت پڑنے پر ڈاکٹرس بروقت علاج کیلئے دستیاب رہ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ میں مزید ترقیاتی کام انجام دیاجائے گا اوراس حلقہ کو ہم دیگر حلقوں کیلئے نمونہ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ تقریب کے دوران انہوں نے کئی افرادمیں شفاف پانی کے کیان بھی تقسیم کئے ۔