مسلمانوں میں اتحاد اور سیاسی بیداری کی ضرورت؛ملی کونسل کرناٹک کے اجلاس میں مقررین کا خطاب
01:58PM Sun 9 Apr, 2017
بنگلور:(بھٹکلیس نیوز) یہاں آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کی سیاسی وفرقہ وارانہ صورتحال پر غور کیا گیا آل انڈیا ملی کونسل کے نائب صدر امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی باقوی نے اجلاس کی صدارت فرمائی اجلاس میں ملک اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اضلاع کے مندوبین نے اپنے اپنے اضلاع کے تاثرات اور مسائل پیش کئے اس موقع پر مولانا باقرارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج مسلم مخالف طاقتیں مسلمانوں کے خلاف صف آراء ہوگئی ہیں دوسری طرف مسلمانوں میں سیاسی بصیرت نہیں ہے اب ہم امت میں اتحاد کی باتیں کرنے لگے ہیں مولانا باقر نے مسلمانوں کو آواز دی کہ امت کو بچانے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور سکیولر زم کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔اس موقع پر مولانا منظور عابدی نے کہاکہ ہم مسلمانوں میں سیاسی شعور کا فقدان ہے حالات کا صحیح فیصلہ لینے کے قابل نہیں رہے مرکزی حکومت مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے اس لئے ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے جمعہ کے خطبات کے ذریعہ مسلمانوں میں سیاسی شعور پیدا کیا جانا چاہئے ۔ جناب عبیداللہ شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج نہ صرف مسلمان بلکہ صاف ذہن رکھنے والے ہندوبھائی بھی پریشان ہیں آج ملک کا سکیولرزم اور دستور خطرے میں ہے،آنے والے دنوں میں مسلمانوں کو محتاط رہنے اور منصوبہ بندی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے جناب عبیداللہ شریف نے مسلمانوں کو آوازدی کے وہ اپنے عام جلسوں میں ہمارے اپنے مسائل پر اختلافی باتوں سے گزیز کریں اس سے دوسروں کو فائدہ پہنچنے گا۔ اس موقع پر آل انڈیا ملی کونسل کے ریاستی صدر مولانا اعجاز احمد ندوی نے مسلمانوں کے اندر اتحاد اور سیاسی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا مصطفےٰ رفاعی نے بھی ریاست کے مختلف علاقوں کے حالات پر روشنی ڈالی اور امت کے اندر اتحاد قائم کرنے پر زور دیا۔ آج انڈ یا ملی کونسل کرناٹک کے سکریڑی جناب سید شاہد احمد نے نظامت کے فرائض انجام دےئے۔