اماراتی شخص کی سری لنکن آیا کو خاندان کے فرد کی حیثیت سے ساتھ رہنے کی پیش کش
04:26PM Sun 18 Mar, 2018
متحدہ عرب امارات کے ایک شہری نے اپنی سری لنکن آیا کو خاندان کے رکن کی حیثیت سے ہی اپنے ساتھ رہنے کی پیش کش کردی ہے۔اس شخص نے اس آیا اور اس کے ساتھ اپیل پر مبنی انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس کو لوگ بڑی تعداد میں دیکھ رہے ہیں اور دم تحریر اس کو 2 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد دیکھ چکے تھے۔
سیلی نامی یہ سری لنکن خاتون اس اماراتی خاندان کے ساتھ 36 سال تک آیا کے طور پر کام کرتی رہی ہیں اور اب وہ اپنے خاوند کی وفات کے بعد اپنے آبائی وطن لوٹ گئی ہیں ۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس شخص کو سب سے پہلے اس سری لنکن خاتون کے خاوند کی وفات کی خبر ملی تھی لیکن اس نے اپنی آیا کو نہیں بتایا تاکہ وہ غم زدہ نہ ہو ۔اس نے آیا کے لیے سری لنکا کی ایک پرواز کے ٹکٹ کا بندوبست کیا اور یہ کہا کہ وہ اپنے خاوند سے مل آئیں کیونکہ وہ علیل ہیں اور یہ بالکل بھی نہیں بتایا کہ ان کے خاوند کی موت ہوچکی ہے۔
ویڈیو کے مطابق یہ اماراتی شخص اس سری لنکن خاتون کو ہوائی اڈے پر چھوڑنے جاتا ہے ۔ اس دوران ان سے کہتا ہے کہ وہ جب چاہیں واپس آسکتی ہیں اور ان کی حیثیت اب گھریلو ملازمہ نہیں بلکہ خاندان کے ایک فرد کی ہوگی۔
جب وہ آیا اس اماراتی سے اپنے خاوند کی صحت کے بارے میں دریافت کرتی ہیں تو وہ انھیں بوسا دیتا ہے اور یہ دلاسا دیتا ہے کہ جو اللہ کی منشا ہوگی ، وہی ہوگا۔
اس شخص نے بتایا کہ سیلی نے اس کا اور اس کے بہن بھائیوں کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھا اور پرورش کی کیونکہ اس کے اپنے بچے نہیں تھے۔