دوسال بعدبھی ڈاکٹرکلبرگی کے قاتلوں کاپتہ نہیں
04:06PM Wed 30 Aug, 2017
بنگلور( بھٹکلیس نیوز):۔ ریاست کے مشہور ادیب ڈاکٹر ایم ایم کلبرگی کو قتل ہوئے دوسال کا عرصہ گزرگیا اور ابھی تک قاتل پولیس کی پہنچ سے دور ہیں اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے حکم پر سی آئی ڈی نے جانچ میں تیزی لائی ہے اورتین خصوصی ٹیمیں جانچ میں جٹ گئی ہیں۔ایک ٹیم مہاراشٹرا ۔ایک ٹیم وجیا پورہ اور تیسری ٹیم ریاست میں ہی جانچ کرے گی ۔واضح رہے کہ 30اگست 2015 کو دھارواڑ کے کلیان نگر میں واقع کلبرگی کی رہائش گاہ کی دہلیز پر تین گولیاں چلا کر کلبرگی کا قتل کیا گیا تھا۔اس واردات کے بعد ہندوستان میں ایک طرح سے دہشت پھیل گئی تھی۔ قاتلوں کو گرفتار کرنے کی مانگ کولیکر ملک گیر احتجاج ۔دھرنے اور کئی طرح کے مظاہرے ہونے لگے تھے۔ پولس نے بھی قاتلوں کو گرفتار کرنے کے لئے دن رات ایک کردیا لیکن قاتلوں کا سراغ نہیں ملا۔ سی آئی ڈی پولیس نے کئی زاویوں سے جانچ کی مگر کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ کلبرگی کا قتل جس طرح مہاراشٹرا میں دوادباء ڈھابولکر اور ہیمنت پنسارے کا قتل کیا گیا تھا اسی طرز پر کیا گیا تھا۔ اس لئے پولیس نے مہاراشٹرا جاکر جانچ کی تھی۔ اس کے علاوہ ممبئی پولیس کے ساتھ مشترکہ جانچ بھی کی تھی۔ مگر ملزموں کا پتہ نہیں چلا تھا۔