دادری سانحہ: اخلاق کے کنبہ کے خلاف گئو کشی کا کیس درج کرنے کا عدالت کا حکم

12:35PM Thu 14 Jul, 2016

نئی دہلی :دادری کے بساہڑا گاؤں میں ایک مشتعل بھیڑ کے ذریعہ اخلاق کے قتل کے تقریبا ایک سال بعد اب گریٹر نوئیڈا کورٹ نے اخلاق کے کنبہ کے خلاف گئوکشی کا کیس درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ بساهڑا گاؤں کے ہی ایک شخص نے اخلاق کے کنبہ کے خلاف شکایت دراج کرائی تھی ، جس میں دعوی کیا تھا کہ اخلاق کے کنبہ نے گئو کشی کی ہے۔ کورٹ نے اسی معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ کورٹ نے کنبہ کے جن لوگوں کے خلاف کیس درج کرنے کا حکم دیا ہے ، ان میں اخلاق کا بھائی جان محمد، اخلاق کی ماں اصغري، اخلاق کی اہلیہ اكرام النسا، اخلاق کا بیٹا دانش خان، اخلاق کی بیٹی شائستہ اور ایک رشتہ دار سونی کا نام شامل ہے۔ عدالت کے ذریعہ کے کیس درج کا حکم دئے جانے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اخلاق کے بیٹے دانش نے کہا کہ میں فیصلہ کی عزت کرتا ہوں ، مجھے عدالت پر پورا یقین ہے ۔ دانش نے یہ کہتے ہوئے مزید کچھ کہنے سے انکار کردیا کہ یہ ایک قانونی کارروائی ہے۔ ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ وہ وہ عدالت کے حکم پر عمل آوری کرے گی۔