محبوبہ مفتی نے کشمیر میں نوجوانوں کے قتل کو ٹھہرایا جائز، دی یہ دلیل

02:19PM Thu 25 Aug, 2016

سرینگر : جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے جمعرات کو سیکورٹی فورسز کے ذریعہ شہریوں کے قتل کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنہیں گولی یا پیلیٹ لگی، وہ دودھ یا ٹافی خریدنے باہر نہیں نکلے تھے۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ کو کچھ مشکل سوالوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس طرح مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کو مناسب ٹھہرا سکتی ہیں ، جبکہ وہ جب اپوزیشن میں تھیں ، تو 2010 میں شہریوں کی موت پر انہوں نے حکومت پر تنقید کی تھی۔ اس کے جواب میں وزیر اعلی نے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے صحافی سے کہا کہ انہیں دو واقعات کا موازنہ نہیں کرنا چاہئے۔ محبوبہ نے کہا کہ آپ غلط ہیں۔ 2010 میں جو ہوا ، اس کا ایک سبب ہے۔ ماچھل میں ایک فرضی انکاؤنٹر ہوا تھا۔ تین شہری ہلاک ہو گئے تھے ۔ آج تین دہشت گرد مارے گئے ہیں اور اس کے لئے حکومت کو قصوروار کیسے قرار دیا جاسکتا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے قتل کے بعد لوگ سڑکوں پر باہر کیوں نکلے ، جبکہ حکومت نے کرفیو نافذ کر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کیا کوئی بچہ آرمی کیمپ سے ٹافی خریدنے گیا تھا؟ ایک 15 سال کا لڑکا جس نے پولیس تھانے پر حملہ کیا (جنوبی کشمیر میں)، کیا وہ دودھ خریدنے گیا تھا؟ دونوں کا موازنہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریب کشمیری نوجوانوں کو کچھ مفاد پرست عناصر کے ذریعہ ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر نے کہا کہ صرف پانچ فیصد کشمیری ہیں ، جو تشدد کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 95 فیصد لوگ تشدد نہیں چاہتے۔ وہ امن چاہتے ہیں۔ وہ کشمیر مسئلے کے حل کے لئے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں ان تک پہنچنا چاہئے۔