پی این بی گھوٹالہ : کانگریس کا وزیر اعظم مودی پر نشانہ ، چوکیدار تلواتے رہے پکوڑا ، بھاگ گیا چور
12:21PM Sat 17 Feb, 2018
نئی دہلی : پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ 11 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی جعل سازی کو لے کر کانگریس نے ایک مرتبہ پھر بی جے پی اور وزیر اعظم مودی پر نشانہ سادھا ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں 21 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا بینک گھپلہ ہوا ہے۔ بینکوں سے ملک کے عوام کا اعتماد ختم ہو رہا ہے، اس لئے اس پر مسٹر مودی کو خود عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا اور اس بارے میں بیان دینا چاہئے تھا۔ وزیر اعظم کے ساتھ ہی وزارت خزانہ اور ریزرو بینک کو بھی اس بارے میں بولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو معلوم تھا کہ ملک کو لوٹاجا رہا ہے، پھر بھی گھپلے بازوں کو بینک قرض دینے کے لئے ساکھ کی حد بڑھائی گئی، قرض دینے کے قوانین میں چھوٹ دی گئی اور اکیلے 2017 میں 151 لیٹر آف آڈراسٹنڈنگ دیئے گئے جن کی بنیاد پر بینکوں نے قرض دیا ہے۔ یہ سب حکومت کو معلوم تھا، لیکن قرض لینے والے حکومت کے چہیتے تھے لہذا سارے قوانین بالائے طاق رکھے گئے اور گھپلہ کرایا گیا۔
کپل سبل نے ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا کہ ہمارے ملک کے جو چوکیدار ہیں ، وہ پکوڑا بنانے کا مشورہ دے رہے ہیں ، آج کی صورتحال یہ ہے کہ چوکیدار سو رہا ہے اور چور بھاگ رہا ہے ۔ ڈاوس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم مودی کے ساتھ نیرو کی تصوپر سوال اٹھاتے ہوئے سبل نے کہا کہ وزیر اعظم مودی یہ کیوں نہیں بتا رہے ہیں کہ سرکاری دورہ پر کون کون ان کے ساتھ گئے تھے ۔ یہی وہی از آف ڈوئنگ بزنس ہے ، جس کی وزیر اعظم بات کرتے ہیں۔مسٹر سبل نے کہا کہ ملک میں درج زیورات کمپنیوں کا اصل سرمایہ 46 ارب روپے ہے، لیکن بینکوں نے انہیں ان کی ساکھ سے بھی زیادہ قرض دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے گھپلے کی معلومات مسٹر مودی کو تھی، لہذا اس بارے میں خود سامنے آنے کی بجائے کابینہ کے ساتھیوں سے لیپا پوتی کرائی جا رہی ہے۔
نیوز ایجنسی یو این آئی کے ان پٹ کے ساتھ