جے ڈی ایس لیڈر کمار سوامی نے کی تنظیم کے ذمہ داران سے ملاقات؛ کہا اس بار نہیں دہرائی جائے گی پرانی غلطیاں

02:34PM Sun 18 Mar, 2018

بھٹکلیس نیوز ؍ 18 مارچ، 18 بھٹکل ؍ (بھٹکلیس نیوز بیورو)   جنتادل سیکولر کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کل اپنے بھٹکل دورہ کے دوران مجلس اصلاح و تنظیم پہنچ کر وہاں  تنظیم کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا  کہ سابقہ انتخابات کے موقع پر خود تنظیم کے ذمہ داران ان کے پاس عنایت اللہ شابندری کو ٹکٹ دینے کی بات لے کر حاضر ہوئے تھے لیکن اب کی بار وہ خود تنظیم کے پاس آئے ہیں کہ وہ عنایت اللہ شابندری کی حمایت کا اعلان کرے۔انہوں نے  بی جے پی کے ساتھ تعاون کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ انتخابات کے موقع پر ہم سے جو غلطیاں ہوئی تھیں وہ اب اس بار دہرائی نہیں جائیں گی  ۔ جے ڈی ایس  کے ریاستی صدر کمار سوامی نے اس بار عنایت اللہ شابندری کے حق میں غیر مسلموں کے بیس سے پچیس ہزار ووٹ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے تنظیم  کے ذمہ داران سےاپیل کی کہ وہ عنایت اللہ کا تعاون کریں اور مسلمانوں کو یکجٹ ہوکر ووٹ ڈالنےکی اپیل کریں۔ انہوں نے اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے بالکل خلاف ہے اور قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف مورچہ کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے ایسے میں بی جے پی سے ہاتھ ملانے یا کچھ ساز باز کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ نے تنظیم کے ذمہ داران کی جانب سے پوچھے گئے تمام سوالات کے تشفی بخش جوابات دئیے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مدھو بنگارپا، ودھان سبھا معاون اسپیکر مری تپے گوڈا، جے ڈی ایس راجیہ سبھا امیدوار فاروق باوا، جے ڈی ایس اقلیتی شعبہ کے صدر سید محی الدین الطاف ، ضلعی صدر بی آرنائک، بھٹکل امیدوار عنایت اللہ شاہ بندری ، تنظیم کےجنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری وغیرہ موجود تھے۔