سرکاری ڈگری کالج میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد

12:47PM Sat 28 Sep, 2019

بھٹکل: 28  ستمبر،2019 (بھٹکلیس نیوز  بیورو) یہاں سرکاری فرسٹ گریڈ کالج کے شعبہ ثقافت،  شعبہ کھیل،یوتھ ریڈ کراس یونٹ  اور این ایس ایس کی جانب  سے کالج میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اسسٹنٹ کمشنر جناب ساجد ملا نے شرکت کی۔ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے جناب ساجد ملا نے کہا کہ خون کا دینا صحت مندی کی علامت ہے اور یہ بذات خود ایک بہت بڑےخیر کا کام ہے جس سے انسانوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو خون دینے کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ کالج میں تعلیم حاصل کررہے نوجوان طلبہ کو چاہئے کہ وہ اس کی عادت ڈالیں کیوں کہ  یہی دور ہے جب آپ یہ کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے اس پروگرام کے انعقاد پر کالج طلبہ کو مبارکباد دی ۔ساتھ ہی انہوں نے 18/سال کی عمر کے طلبہ کو ووٹر لسٹ میں نام داخل کرنے کی بھی صلاح دی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اڈپی بلڈ بنک کی ذمہ دار ڈاکٹر وینا نے کہا کہ ابھی بھی اسپتالوں میں مریض کو بچانے کے لیے خون کی ضرورت ہے لیکن اب بھی 70/فیصد ہی خون مل پاتا ہے جبکہ 30/فیصد نہیں مل پا تا۔ اس کے علاوہ پروگرام کے صدر پرنسپال کالج جناب دستگیر صاحب، جنتا ودھیالیہ شرالی کے پرنسپال اے بی رام رتھ، کالج ترقیاتی بورڈ کے صدر ایم آر نایک نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا۔ ڈائس پر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ، ڈاکٹر پانڈورنگا نایک، بلدیہ ممبر راگھویندر شیٹھ، میڈیکل ایجوکیشن آفیسر ایریا دیواڑیگا، ضلع ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ، بھٹکل جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر رام چندرکنی ، رمیش کھاروی ، منجوناتھ کھاروی ، راجیش نائک ، شیوانی شانتارام، روی نائک جالی، فرینڈس جم کے وینکٹیش نائک، وویک بھٹ، راجیش مہالے وغیرہ موجود تھے۔