دودھ کی پیداوار میں کرناٹک سر فہرست: منجو

03:42PM Thu 23 Feb, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر برائے مویشی پالن وریشم اے منجو نے بتایاکہ گائے کے دودھ کی پیداوار میں کرناٹک ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ منجملہ دودھ کی پیداوار میں دوسرے نمبر پر ہے۔آج ویٹرنری سائنس لیب کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اس لیبارٹری کی تعمیر مویشیوں کی صحت کے شعبے میں ایک نیا سنگ میل ہوگی اور جانوروں کو آنے والے امراض کے تدارک کیلئے سالانہ دو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ان کے مطابق جانوروں میں پائے جانے والے 14مختلف امراض کیلئے بیرون ریاستوں سے ٹیکے منگوائے جاتے تھے، اب یہاں کے سائنسدانوں نے مقامی سطح پر ہی ٹیکوں کی ایجاد کی ہے۔ جانوروں کی صحت کے تحفظ کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئی پروگرام جاری کئے گئے ہیں، جانوروں کے علاج کے علاوہ جنگلی جانوروں کے علاج اور مرض کی تشخیص کیلئے بنرگٹہ نیشنل پارک میں علیحدہ لیباریٹری تیار کی گئی ہے اور کسانوں کے گھر پہنچ کر جانوروں کے علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اس موقع پر ہبال کے رکن اسمبلی وائی اے نارائن سوامی کے علاوہ محکمہ کے مختلف افسران موجود تھے۔