جمعیت علماء ہند احمد آباد کی جانب سے پرچم کشائی پروگرام کے بعد ریلی کا انعقاد ، مدارس کے بچوں نے کی شرکت
02:15PM Wed 15 Aug, 2018
Share:
یوم آزادی کے موقع پر آج جمعیت علماء ہند احمد آباد کی جانب سے درياپور علاقہ میں پرچم کشائی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد علاقہ کے دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی ایک ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں حصہ لینے والے معصوم بچوں نے خاموشی کے ساتھ ہاتھوں میں بینر اور پوسٹر لے کر ہندوستان کی آزادی میں قربانی دینے والے علمائے دین کو یاد کیا ۔
درياپور علاقہ سے نکلنے والی ریلی شہر کے مختلف حصوں سے ہوتے ہوئے كالوپور علاقے میں پہنچی اور وہاں سے درياپور علاقہ میں موجود چارواڈ میں ختم ہوئی ۔ اس ریلی کی قیادت جمعیت علماء ہند جلگاوں کے صدر مفتی ہارون ندوی نے کیا ۔ چارواڈ علاقہ میں ریلی پہنچنے کے بعد ہندوستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور اس کے بعد ریلی کو ختم کردیا گیا ۔
اس موقع پر مفتی ہارون ندوی نے کہا کہ آج احمد آباد کے مسلم علاقہ میں عید سے زیادہ خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے ، یہ ہمارے ملک سے محبت کرنے کی گواہی دیتا ہے ۔ اس سلسلے میں جمعیت علماء ہند گجرات کے نائب صدر مفتی عبدالقیوم نے کہا کہ ریلی میں دو ہزار سے زیادہ لوگوں نے حصہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو بینر اور پوسٹر کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ اصل ہیرو ہمارے یہ علمائے دین ہیں ۔