بھٹکل میں امدادی کام کے لیے آن لائن پیسہ وصولی کرنے والے تنظیم کے نمائندے نہیں ہیں؛ تنظیم کے ذمہ داران کی طرف سے دی گئی صفائی

01:13PM Sun 5 Apr, 2020

بھٹکل: 5 اپریل،20 )بھٹکلیس نیوز بیورو) پچھلے کچھ دنوں سے وہاٹس ایپ پر لاک ڈاؤن سے بے حال مجبور و لاچار لوگوں کی امداد کی اپیل کرتے ہوئے ایک پیغام گردش کررہا ہے جس میں آن لائن پیسہ جمع کرنے کی اپیل کی جارہی ہے اور ان تمام پیسوں کو جمع کرکے تنظیم کے حوالہ کرنے کی بات کہی جارہی ہے۔ جس پر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے ذمہ داران نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ کہ ان کا جذبہ بہت ہی نیک ہے لیکن مجلس اصلاح و تنظیم کا کبھی اس طرح کا طریقہ کار نہیں رہا ہے اور نہ ہی ان کو تنظیم کی حمایت حاصل ہے۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری کی جانب سے اس ضمن میں ایک اعلان جاری کیا گیا ہے جو کہ مندرجہ ذیل ہے۔   السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ گذشتہ دو دنوں سے اہل بھٹکل کے وہاٹساپ گروپوں میں ایک میسج گردش کر رہا ہے جس میں انسٹاگرام پیج کے ذریعہ ایک مخصوص اکاؤنٹ میں حالات حاضرہ کے تناظر میں ضرورت مندوں کی امداد کے لئےGoogle pay paytm کے ذریعے رقم جمع کرنے کی اپیل کرتے ہوئےکہا گیا ہے کہ تمام جمع شدہ رقم مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل کے حوالے کی جائے گی۔ آپ سبھوں کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ تنظیم نےکبھی بھی اس طرح کا طریقہ کار اختیار نہیں کیا ہے بہت ممکن ہے کہ مذکورہ نوجوانوں کا جذبہ بہت ہی صحیح ہو پھر بھی ہم کسی کو بھی ذاتی طور پر تنظیم کے نام سے مجلس اصلاح وتنظيم سے باضابطہ اجازت کے بغیر رقم جمع کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ آپ کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ ذمہ داران تنظیم نے ان نوجوانوں کو اس طرح سے رقم وصولی سے سختی سے منع کیا ہے پھر بھی بہت سے واٹساپ گروپوں میں یہ میسج گردش کر رہا ہے۔ الحمد للہ مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل کی طرف سے آپ تماموں کے تعاون سے موجود حالات میں بڑے پیمانے پر امدادی کام جاری ہے جس میں سیکڑوں خاندان کو راشن پہنچایا گیا ہے اور آج بھی مسلسل جاری ہے آخر میں ایک بار پھر بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ ذاتی طور پر تنظیم کے نام سے رقم جمع کرنے کی کسی بھی اپیل پر توجہ نہ دیں اور اگر کوئی امداد کرنا چاہیے تو ذمہ داران سے رابطہ کریں   فقط والسلام جنرل سکریٹری مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل