یکم اپریل سے چاندنی چوک میں بغیر رجسٹریشن والے کے رکشوں پر پابندی :ہائی کورٹ

02:31PM Sat 11 Feb, 2017

نئی دہلی، 10؍فروری(آئی این ایس انڈیا )ملک کی راجدھانی دہلی کے سب سے مصروف ترین بازاروں میں شمار کئے جانے والے چاندنی چوک میں یکم اپریل سے بغیررجسٹریشن کے رکشے نہیں چل پائیں گے۔ہائی کورٹ نے یہ حکم چاندنی چوک کو خوبصورت بنانے کے معاملے میں دیاہے۔غور طلب ہے کہ چاندنی چوک ری ڈیولپمنٹ کو لے کر کئی درخواستوں پر ہائی کورٹ میں سماعت چل رہی تھیں۔سماعت کے دوران کئی بار سوال اٹھے کہ اس علاقے میں لگنے والے جام میں رکشے بڑی وجہ ہیں، ایسے کئی رکشے ہیں جوان علاقوں میں بغیر رجسٹریشن کے چلتے ہیں۔ہائی کورٹ نے رکشوں کے رجسٹریشن کرانے کے لیے دو بار بڑے کیمپ لگانے کی ہدایت بھی ایجنسیوں کو دی تھی ، تقریبا 500رکشے اس کیمپ میں رجسٹر ڈ بھی ہو چکے ہیں،جو نہیں ہوئے ہیں وہ اب یکم اپریل کے بعد چاندنی چوک کے علاقے میں نہیں چل پائیں گے۔غور طلب ہے کہ پوری دہلی میں تقریباََ 20لاکھ سے اوپررکشے ہیں اور ہر روز اس علاقے میں بھی 50ہزار سے اوپر رکشے چلائے جا رہے ہیں۔حالانکہ رجسٹریشن صرف 500-600رکشوں کا ہی ہو پایا ہے،اس رجسٹریشن کا مقصد نہ صرف ڈرائیوروں کی شناخت کرنا ہے بلکہ غیر قانونی طریقے سے چل رہے رکشوں پر بھی لگام لگانا ہے۔چاندنی چوک میں اکثر ٹریفک جام کا مسئلہ بنا رہتا ہے، اس تاریخی علاقے کی شناخت کو لے کر بھی کئی بار سوال اٹھے ہیں۔ہائی کورٹ پہلے کچھ درخواستوں کی سماعت کے بعد چاندنی چوک میں رکشہ چلانے پر روک لگا چکا تھا، لیکن پھر کچھ غیرسرکاری تنظیموں نے درخواست دائر کی کہ اس سے ہزاروں لوگ بے روزگارہوجائیں گے، اس لیے رجسٹریشن کے ساتھ ان کو رکشہ چلانے کی اجازت ملنی چاہیے ۔