Renowned islamic scholar Syed Salman Husaini Nadwi passes away

07:27AM Mon 29 Jun, 2026

مشہور عالم دین اور عالم اسلام کی معروف علمی شخصیت مولانا سید سلمان حسینی ندوی انتقال کر گئے

 

لکھنو: 29 جون،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) عالمِ اسلام کی ممتاز علمی و دینی شخصیت، معروف عالم دین، اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے سابق استاد حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی آج صبح کی اولین ساعتوں میں اپنی عمر کی تقریباً 74 بہاریں گزار کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔

 

ذرائع کے مطابق مولانا گزشتہ کچھ عرصے سے علیل چل رہے تھےاور آج دیر رات اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔

 

مولانا سید سلمان حسینی ندوی اپنے دور کے ممتاز علماء میں شمار ہوتے تھے۔ وہ ایک بلند پایہ عالم، مفسر، محدث ، صاحبِ فکر اور مؤثر خطیب تھے۔ انہوں نے طویل عرصے تک دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ میں تدریسی خدمات انجام دیں اور ہزاروں طلبہ کی علمی، فکری اور دینی تربیت کی۔ علمی و دعوتی میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔

 

مولانا مرحوم نے ملک و بیرونِ ملک متعدد علمی، فکری اور دعوتی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی تحریریں، خطابات اور علمی کاوشیں دینی حلقوں میں بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔

 

 ذرائع کے مطابق مولانا کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر جامعہ سید احمد شہید، کٹولی (ملیح آباد) میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد تدفین عمل میں آئے گی۔

 

مولانا سید سلمان حسینی ندوی کی رحلت کو علمی اور دینی دنیا کا ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان، متعلقین اور شاگردوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔