Red Alert Issued for Heavy Rainfall in Uttara Kannada; Public Urged to Take Precautions
07:49PM Mon 8 Jun, 2026
کاروار: 8 جون،2026: (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اُتر کنڑا ضلع میں 8 جون دوپہر 1 بجے سے 10 جون صبح 8:30 بجے تک شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ضلع ڈپٹی کمشنر اور ڈیزاسٹڑ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے جاری کردہ اخباری بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسلادھار بارش اور ممکنہ آفات کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
انتظامیہ نے نشیبی علاقوں، ندی نالوں، دریاؤں، جھیلوں اور ساحلی مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی ماہی گیروں اور سمندر کے قریب رہنے والے افراد کو بھی خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اخباری بیان کے مطابق شدید بارش اور تیز ہواؤں کے دوران درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کیا جائے۔ آسمانی بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہنے اور درختوں کے نیچے پناہ نہ لینے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
ضلع انتظامیہ نے تمام تعلقہ جات میں کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے ہنگامی خدمات کو فعال رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کنٹرول روم نمبر 08382-229857 یا واٹس ایپ نمبر 9483511015 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔