آگسٹا ویسٹ لینڈ معاملہ : سابق فضائیہ چیف کی ضمانت کے خلاف درخواست پر سماعت ملتوی
04:24PM Thu 26 Jan, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)دہلی ہائی کورٹ نے آگسٹا ویسٹ لینڈ گھوٹالے میں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی طرف سے سابق ایئر چیف ایس پی تیاگی، ان کے بھتیجے سنجیو تیاگی اور وکیل گوتم کھیتان کو ضمانت دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پہلی فروری تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے آگسٹا ویسٹ لینڈ گھوٹالہ کے الزام میں سابق فضائیہ سربراہ ایس پی تیاگی کو 26؍دسمبر کو جبکہ ان کے بھتیجے سنجیو تیاگی اور وکیل گوتم کھیتان کو 4 ؍جنوری کو مشروط ضمانت دی تھی۔تینوں ملزمان کو پٹیالہ کورٹ کی طرف سے ضمانت دئیے جانے کی سی بی آئی نے دہلی ہائی کورٹ میں مخالفت کی ہے، جس پر ہائی کورٹ نے تینوں کو نوٹس بھیجا ہے۔ایس پی تیاگی کے خلاف برطانیہ کی کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ سودے میں 450کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔سی بی آئی نے کورٹ کوبتایا تھا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ آگسٹا ڈیل میں رشوت لی گئی تھی۔آ گستا نے ہمیشہ ہی دلالوں کے ذریعے ڈیل کرنے کی کوشش کی۔آگسٹا سے ڈیل کرتے وقت ڈیمو کے لیے ہیلی کاپٹر تیار بھی نہیں تھا۔تیاگی کی مدت کار کے دوران ان کے خاندان کی طرف سے بڑی مقدار میں زرعی زمینیں خریدی گئیں جن کی جانچ ضروری ہے۔