بی ایم ٹی سی کے ملازمین کیلئے یشونت پور میں جدید اسپتال کھلے گا:رام لنگا ریڈی 

03:57AM Fri 14 Jul, 2017

بنگلور( بھٹکلی نیوز ):۔ وزیر برائے ٹرانسپورٹ رام ریڈی نے کہا کہ بنگلور میٹرو پالٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن( بی ایم ٹی سی ) کے ملازمین کے لئے ایک جدید اورتمام سہولیات سے آراستہ ایک اسپتال کھولا جائیگا۔انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یشونت پور میں واقع ٹرافک ٹرانسکشن مینجمنٹ (ٹی ٹی ایم سی) کی عمارت میں اسپتال کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ بی ایم ٹی سی میں40 ہزارسے زائد ملازمین ہیں اوران ملازمین کے علاوہ ان کے خاندان کے تما م افراد کو بہت فائدہ ہوگا۔ اس سلسلہ میں افسران کے ٹیم نے یہاں کا دورہ کرکے تمام باتوں کا جائزہ لیا ہے اور اسپتال کے لئے ایک نقشہ اور منصوبہ بندی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حال ہی میں کیمپے گوڈا بس اسٹانڈ میں طلباء کے لئے سمارٹ کارڈس اور مفت بس پاس اسکیم کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقعہ پر انہوں نے اسپتال کی سہولت فراہم کرانے کی گذارش کی تھی اور اسپتال کے لئے زمین اور تعمیرائی کاموں کے لئے فنڈ جاری کے لئے فنڈ جاری کرنے کی گذارش کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر بہترین مشورہ دیا کہ بی ایم ٹی سی کے کسی ٹی ٹی ایم سی میں جگہ تلاش کی جائے۔اس مشورے پر بی ایم ٹی سی بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس میں اتفاق رائے سے یشونت پور ٹی ٹی ایم سی میں ہی اسپتال کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے لئے ضروری چیزوں جیسے ڈاکٹروں۔نرس اور دیگرملازمین کا تقرر۔ تنخواہ۔جدید مشنریس کی خریدی اور آلات کی فراہمی کی ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔ اسی طرح کا اسپتال محکمۂ ٹرانسپورٹ کے تمام ملازمین اور تین ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کے لئے کھولا جائے گا۔