چار سال قبل ڈوب کر لاپتہ ہونے والے مرحوم ذو الکفل کی غائبانہ نماز جنازہ آج بھٹکل کی جمعہ مساجد میں ادا کی گئی
11:33AM Fri 2 Aug, 2019
بھٹکل: 2 اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) چار سال قبل 2015/میں بارش کے موسم میں غوثیہ اسٹریٹ کے قریب تیراکی کے دوران پانی میں بہہ کر لاپتہ ہونے والے مرحوم ذوالکفل فقیہ احمدا کی غائبانہ نماز جنازہ آج جمعہ کے نماز کے بعد بھٹکل کی تمام جمعہ مساجد میں ادا کی گئی۔
اس سے قبل مرحوم ذوالکفل کی والدہ اور بھائی نے بھٹکل کے قاضی صاحبان کو تحریر دے کر ذوالکفل کی تجہیز و تکفین اور نماز جنازہ کے تعلق سے شرعی مسئلہ دریافت کیا تھا جس کے جواب میں قاضی جماعت المسلمین جناب مولانا اقبال ملا ندوی اور قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین جناب مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی بات کہی تھی۔ اس کے بعد قاضی صاحبان کی جانب سے کل بھٹکل کی تمام جمعہ مساجد میں جمعہ بعد مرحوم ذوالکفل کی جنازہ نماز ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2015 کے جولائی مہینہ میں ہوئی تیز ترین بارش میں ذوالکفل اپنے ساتھیوں کے ساتھ غوثیہ مسجد کے پیچھے بہہ رہی ندی میں تیراکی کر رہا تھا کہ پانی کا تیز بہاؤ اسے اپنے ساتھ ہمیشہ کے لیے لے چلا تھا جس کے بعد کئی روز تک اس کی تلاش کی گئی جس میں انڈین نیوی کی ایک ٹیم نے بھی شرکت کی تھی لیکن اس کے باوجود بھی اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا تھا۔
اللہ تعالیٰ اس کی بال بال مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔۔۔آمین