Rabita education excellence award ceremony will be held on 09 August 2026

06:41PM Mon 20 Jul, 2026

بھٹکل: 20 جولائی،26 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ممتاز طلبہ اور اساتذۃ کی ہمت افزائی کے لیے دیا جانے والا باوقار تعلیمی ایوارڈ اس مرتبہ 9 اگست بروز اتوار انجمن میدان میں منعقد ہوگا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے دہلی سے ماہر تعلیم سمیر احمد صدیقی شریک ہونگے۔ اس کی جانکاری آج یہاں رابطہ کے دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں رابطہ کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمٰن منیری نے صحافیوں کو دی۔

 

انہوں نے اس کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ امسال  مہمان خصوصی کی حیثیت سے ملک کی ممتاز تعلیمی شخصیت اور سول سروسز کے میدان میں ماہر سمجھے جانے والے جناب سمیر احمد صدیقی شرکت کریں گےجو کہ نئی دہلی کے معروف سول سروسز تربیتی اداروں سے وابستہ ہیں اور بین الاقوامی تعلقات، جنرل اسٹڈیز اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ملک بھر کے متعدد مسلم نوجوانوں کو آئی اے ایس، آئی پی ایس اور دیگر اعلیٰ سرکاری خدمات کے امتحانات میں کامیابی کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم  کرتے رہتے ہیں۔

 

پروگرام کے تعلق سے معلومات دیتے ہوئے عتیق الرحمٰن منیری صاحب نے بتایا کہ پروگرام دو نشستوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلی نشست   صبح 10 بجے سے 12:45 بجے تک ہوگی جبکہ دوسری نشست نمازِ عصر کے بعد سے مغرب تک جاری رہے گی۔ اس میں طلبہ، اساتذہ، سرپرستوں اور مختلف تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کی بڑی تعداد شریک ہونے کی توقع  ہے۔

ایوارڈز کے معیار اور اہلیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے رابطہ سوسائٹی کے خازن مولانا صابر علی اکبرا ندوی نے بتایا کہ اس سال بھی ایوارڈز کو چار زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں بھٹکل، گلف، اندرونِ ہند اور کنیرا مسلم خلیج کونسلشامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پی یو سی دوم (PUC II) کے طلبہ کے لیے امسال اہلیت کا معیار 90 فیصد سے بڑھا کر 95  فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایس ایس ایل سی (SSLC) کے لیے گزشتہ سال کی طرح 95  فیصد نمبرات لازمی ہوں گے۔

اسی طرح انجمن کے مختلف کالجوں اور شعبہ جات جیسے BA، BSc، BCom، BBA، BBM، B.Ed.، BE  اور پی جی کورسز MBA،  MCA  اور MCom کے ٹاپرز کے لیے کم از کم 85  فیصد نمبرات ضروری قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے دو نمایاں طلبہ اور جامعۃ الصالحات کی دو نمایاں طالبات کو بھی خصوصی طور پر اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔

گلف ممالک میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے گریڈنگ سسٹم کو مدنظر رکھتے ہوئے A+ گریڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ گلف زون میں دسویں جماعت کے تین نمایاں طلبہ، بارہویں جماعت کے ہر شعبے کے ایک ٹاپر اور ایک ڈگری ٹاپر (85 فیصد) کو ایوارڈ دیا جائے گا۔

 

علاوہ ازیں رابطہ سوسائٹی نے ضلع ٹاپرز کے لیے خصوصی اعزازات کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے "بیسٹ اسکول ایوارڈ” اور "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” کو بھی پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 

اس مرتبہ رابطہ تعلیمی ایوارڈ 2026 کے کنوینر جناب عبدالسلام دامدا ابو (سابق صدر جدہ جماعت) مقرر کیے گئے ہیں۔