سعودی شاہ سلمان کی خلیجی ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں کویت آمد

02:36PM Fri 9 Dec, 2016

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز چار خلیجی ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں جمعرات کو کویت پہنچ گئے ہیں۔ امیرِ کویت شیخ صباح الاحمد الصباح نے کویت شہر میں اپنے محل میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا استقبال کیا ہے۔اس موقع پر انھوں نے ان کے دورے پر اپنی بے پایاں خوشی کا اظہار کیا۔ وہ بحرین کے دورے کے بعد کویت پہنچے ہیں جہاں انھوں نے دارالحکومت منامہ میں خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سینتسیویں سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔اس دو روزہ اجلاس میں خلیجی لیڈروں کے علاوہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس اجلاس میں اپنی تقریر میں جی سی سی کے رکن ملکوں کے درمیان دفاع، سکیورٹی اور معیشت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور اس ضمن میں مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ انھوں نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور قطر کا دورہ کیا تھا۔