عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ: سندھونےمایوس کیا، تیسری بارچمپئن بنی اسپین کی کیرولینا مارن

02:09PM Sun 5 Aug, 2018

خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اپنی غلطیوں کے سبب ایک بار پھرعالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں تاریخ رقم کرنے سے محروم ہوگئیں۔ اتوارکو کھیلے گئے خاتون سنگلز کے فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارن نے ورلڈ نمبر -3 سندھو کو شکست دے کر تیسری بارعالمی چمپئن شپ کا گولڈ میڈل جیتا۔ ورلڈ کی نمبر-8  کھلاڑی مارن نے سندھو کو 45 منٹ تک کھیلے گئےاس مقابلے میں سیدھے گیموں میں 19-21 اور 10-21 سے شکست دی۔ پہلے گیم میں کیرولینا مارن نے اچھی شروعات کی، لیکن سندھونے بھی اپنی بہترین حکمت عملی سے کھیلتے ہوئے مارن کے خلاف 3-3 سے برابری کی۔ اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی نے اسپینش کھلاڑی کے خلاف پوائنٹ حاصل کرنے شروع کئے اوراسے 11-15 سے پیچھے چھوڑ دیا۔
اپنے کھیل میں تیزی لاتے ہوئے کیرولینا مارن نے کھیل میں واپسی کی اورسندھو کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسکور18-18 سے برابرکرلیا۔ یہاں سندھو نے ایک پوائنٹ حاصل کیا اورمارن کے خلاف اسکور 20-19 کیا، لیکن دو بارکی عالمی بیڈ منٹن چمپئن شپ کا گولڈ میڈل جیت چکی مارن نے ایک پوائنٹ حاصل کیا اورپہلے گیم میں سندھو کو 19-21 سے ہرا دیا۔ دوسرے گیم میں سندھو کو واپسی کا موقع نہ دیتے ہوئے اورمیچ میں اپنا دبدبہ قائم رکھتے ہوئے مارن نے پوائنٹ حاصل کرنا شروع کیا اورسندھو کو 2-11 سے پیچھے کردیا۔ مارن نے سندھو کی ہرغلطی کا فائدہ اٹھایا اوران کے خلاف پوائنٹ حاصل کرتے ہوئے انہیں دوسرے گیم میں 19-21 سے شکست دے کرخطابی جیت حاصل کی۔ مارن نے تیسری بارگولڈ میڈل جیتا ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے سال 2014 اور2015 میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ وہیں سندھو نے گزشتہ سال سلورمیڈل جیتا تھا۔ انہیں فائنل میں جاپان کی نوجومی اوکہارا نے شکست دی تھی۔ سندھو نے اس کے علاوہ 2013 اور 2014 میں کانسے کا تمغہ بھی جیتا تھا۔