حکومت نے چار برس میں لوک پال کیوں نہیں بنایا : اپوزیشن

12:17PM Thu 19 Jul, 2018

نئی دہلی: اہم اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے آج کہاکہ ملک میں بدعنوانی مٹانے کے دعوے کے ساتھ برسراقتدار آئی حکومت نے چار برس میں لوک پال کی تقرری تک نہیں کی ہے اور اس دوران بدعنوانی پر لگام لگانے کے بجائے اسے تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔راجیہ سبھا میں کانگریس کے نائب لیڈر آنند شرما نے بدعنوانی کی روک تھام سے متعلق(ترمیمی) بل 2013پر بحث کی شروعات کرتے ہوئے کہاکہ بدعنوانی کے خلاف تحریک پر سوار ہوکر اقتدار میں آئی مودی حکومت کی حکمرانی میں بدعنوانی ختم ہونا تو دور کی بات ہے اس کے برعکس اسے تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ حکومت غیرممالک سے بلیک منی تو واپس نہیں لاسکی بلکہ گزشتہ دو برسوں میں غیرممالک میں جمع ہندستانیوں کے پیسے میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ اتنا اضافہ گزشتہ کئی دہائیوں میں بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ صرف قانون میں ترمیم سے بدعنوانی پر لگام نہیں لگے گی کیونکہ حکومت کا ارادہ بدعنوانی ختم کرنے کا نہیں ہے اور اس وجہ سے ملک اور سماج حکومت کی کارروائی سے مطمئن نہیں ہے۔ بل کے التزامات پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدعنوان افسرا ن کے خلاف کارروائی کے لئے مرکز میں لوک پال اور ریاستوں میں لوک آیکت سے اجازت لینی ہوگی۔ پہلا سوال تو یہ ہے کہ اب تک لوک پال اور لوک آیکتوں کی تقرری ہی نہیں کی گئی ہے اور دوسرا یہ ہے کہ اگر حکومت بدعنوانی پر غدغن لگانے کیلئے سنجیدہ ہے تو وہ یہ حق اپنے پاس کیوں نہیں رکھتی۔ یہ حق حکومت سے باہر نہیں ہونا چاہئے۔