گروگرام میں نماز تنازع پر وزیر اعلی کھٹر نے کہا : صرف مسجدوں اور عیدگاہوں میں پڑھی جائے نماز

12:29PM Sun 6 May, 2018

چنڈی گڑھ : ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر کا کہنا ہے کہ اب ریاست میں کھلی جگہوں پر نماز ادا نہیں کی جائے گی بلکہ صرف مسجدوں میں نماز ادا کی جائے گی۔ کھٹر نے کہا کہ ہریانہ میں عوامی مقامات پر نماز نہیں پڑھی جائے گی ، صرف مسجدوں میں ہی نماز پڑھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کھلے میں نماز زیادہ پڑھی جارہی ہے ، ریاست میں لا اینڈآرڈر نافذ کروانا ان کا کام ہے ، ایسے میں نماز عیدگاہ یا مسجد میں ہی پڑھی جانی چاہئے ۔ خیال رہے کہ کھٹر کا یہ بیان گروگرام میں کھلے میں نماز پڑھنے کو لے کر ہوئے تنازع کے بعد آیا ہے۔ گروگرام کے سیکٹر 53 میں کھلے میں نماز پڑھنے کی کچھ شرارت پسند عناصر نے مخالفت کی تھی اور نماز ادا کررہے لوگوں کو دھمکی دے کر بھگادیا تھا ۔ اس معاملہ میں چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔