منگلور سے عازمین حج کی راست پرزوازیں شروع آئندہ سال تک منگلور حج بھون تعمیر کرانے کی کوشش : روشن بیگ

03:50PM Tue 25 Jul, 2017

بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز) ریاستی حکومت منگلور میں عازمین حج کی سہولت کیلئے حج بھون کی تعمیر کی شروعات عنقریب کرے گی، یہ اعلان آج وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے منگلور سے عازمین حج کی فلائٹس کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریاست سے روانہ ہونے والے عازمین حج کے پہلے قافلے کی بسوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد انہوں نے یہاں باجپے ایرپورٹ کے قریب منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ وزیراعلیٰ سدرامیا نے پچھلے بجٹ میں منگلور میں حج بھون کی تعمیر کیلئے دس کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی ہے، جس میں سے 2.5کروڑ روپے جاری ہوچکے ہیں۔ حج بھون کی تعمیر کیلئے جس زمین کی نشاندہی کی گئی ہے اگر وہ حج کمیٹی کے سپرد کردی جائے تو اس کی تعمیر کا آغاز بھی تیزی سے کردیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کوشش کی جائے گی کہ تعمیر اگر شروع ہوگئی تو آئندہ سال عازمین حج کی روانگی منگلور کے نئے حج بھون سے کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان سے جانے والے تمام عازمین حج کی مکہ ، مدینہ اور دیگر مقامات مقدسہ پر نشاندہی ہندوستانی ترنگے کی جاتی ہے جو ہماری حب الوطنی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان ، بھائی چارگی اور ترقی کیلئے عازمین حج اپنے سفر کے دوران خصوصی دعا کریں۔ اڈپی میں معروف ہندو مٹھ پیجاور کے سربراہ وشویشور تیرتھ سوامی کی طرف سے امسال ماہ رمصان المبارک میں مسلم براداران کیلئے دعوت افطار کے اہتمام کو ہندو مسلم بھائی چارگی کی ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے اس کیلئے انہوں نے سوامی جی کو مبارکباد دی۔ وزیر جنگلات اور ضلع انچارج وزیر بی رمناتھ رائے نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عازمین سے گذاری کی کہ ملک میں امن وامان اور بھائی چارگی کو پروان چڑھانے اور ساتھ ہی دکشن کنڑا ضلع میں خوشگوار حالات اور یکجہتی کیلئے عازمین خصوصی دعا فرمائیں۔ وزیر شہری رسد وخوراک یوٹی قادر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منگلور میں حج بھون کی تعمیر کیلئے ایرپورٹ کے قریب ہی زمین کی نشاندہی کی جاچکی ہے جلد ہی یہ زمین حج کمیٹی کے حوالے کردی جائے گی۔ اس موقع پر ریاستی حج کمیٹی کے ممبران کے ایم ابوبکر صدیق منٹگولی نے خیر مقدمی تقریر کی اور بتایا کہ منگلور سے آج روانہ ہونے والاعازمین کا قافلہ کرناٹک کا پہلا ہوگا۔ 25,24 اور26 جولائی کو جملہ پانچ طیاروں کے ذریعہ790 عازمین حج راست طور پر مدینہ منورہ روانہ ہورہے ہیں۔ منگلور سے جانے والے عازمین میں دکشن کنڑا ، اڈپی ، کورگ ، چکمگلور ، اور ہاسن اضلاع کے ساکن شامل ہیں۔ رواں سال کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی سے جملہ 6ہزار عازمین روانہ ہورہے ہیں۔ بنگلور میں حج پروازوں کی شروعات 8؍ اگست سے ہوگی۔ یہاں حج بھون سے عازمین کی روانگی کیلئے تیاریاں بڑے پیمانے پر جار ی ہیں۔ تقریباً پندرہ دنوں تک وہاں سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا۔تقریب کی صدارت منگلور نارتھ کے رکن اسمبلی بی اے محی الدین باوا نے کی۔ اڈپی کے قاضی بیکل ابراہیم مصلیار نے اس موقع پر دعائیہ کلمات پیش کئے۔موڈ بدری کے رکن اسمبلی ابھے چندر جین ، منگلور ساؤتھ کے رکن اسمبلی جے آر لوبو ، ریاستی کونسل کے چیف وہپ ایوان ڈیسوزا ، منگلور کے قاضی طٰہٰ احمد مصلیار، ضلع پنچایت رکن شاہ الحمید ، ریاستی اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن کے صدر ایم اے غفور ، کوائر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر بی ایچ قادراور دیگر اہم شخصیات اس موقع پر حاضر رہیں۔