بہار میں ایک اور امتحان گھوٹالہ سامنے آیا 

02:48PM Sat 11 Feb, 2017

دربھنگہ ، 11؍فروری(آئی این ایس انڈیا )کلرک کے عہدوں کے لئے بہار اسٹیٹ اسٹاف سلیکشن کمیشن(بی ایس ایس اے سی )کا سوال نامہ لیک ہونے کے فوراََ بعدآج ایک ٹی وی اسٹنگ نے بہار میں دیوانی عدالتوں میں چوتھے زمرے کے ملازمین کی بھرتی میں مبینہ غیر اخلاقی سودے کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔کچھ نجی ٹی وی چینلوں کی طرف سے نشر کئے گئے اس آپریشن میں جنتا دل یونائیٹڈ(جے ڈی یو) اقلیتی مورچہ کی جنرل سکریٹری ہونے کا دعوی کر رہی حمیدہ اصغر نامی خاتون دیوانی عدالتوں میں چوتھے درجہ کے ملازم کے عہدوں کے لیے دربھنگہ کے ایک امیدوار سے پانچ لاکھ روپے کا سودا کرنے کی بات چیت کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے ، حالانکہ پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس خاتون کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس معاملے میں قانون اپنا کام کرے گا۔جے ڈی یو کے ریاستی ترجمان اور قانون ساز کونسل کے رکن نیرج کمار نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے پارٹی کے اقلیتی مورچہ کے سربراہ محمد سلام، دربھنگہ ضلع کے جے ڈی یو صدر سنیل بھارتی اور دربھنگہ میں جالے سیٹ سے پارٹی امیدوار سے اس بات کی تصدیق کی ہے اور سب نے کہا ہے کہ اس خاتون کا جے ڈی یو سے کوئی تعلق نہیں ہے،یہ خاتون جالے کی رہنے والی ہے۔کمار نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کے تحت ریاست میں قانون کی حکمرانی ہے اور موجودہ معاملہ میں بھی اگر کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔اس درمیان دربھنگہ میں پولیس نے پولیس سپرنٹنڈنٹ اے کے ستیارتھی کی ہدایت پر لہیریاسرائے تھانے میں حمیدہ اصغر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔دو امیدوار پرشانت کمار اور محمد عثمان نے اصغر اور ان کے خاندان کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق، پولیس خاتون اور اس کے خاندان کے افراد کے خلاف جانچ میں مصروف ہو گئی ہے جو فرار چل رہے ہیں۔یہ اسٹنگ آپریش ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب کلرک کی بھرتی کے لیے بی ایس ایس اے سی امتحان کاسوال نامہ لیک ہونے کو لے کر تنازعات میں گھراہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یہ امتحانات منسوخ کر دیا گیا ہے ۔بی ایس ایس سی کے سکریٹری پرمیشور رام اورپانچ دیگرکلرک کے عہدوں پر بھرتی کے لیے ہر امیدوار سے 5-6لاکھ روپے لینے کو لے کر گرفتار کئے گئے ہیں۔