ہندوستان سب سے زیادہ روادارملک، یہاں کسی پر حملہ کرنے کی کوئی روایت نہیں رہی ہے: نائیڈو
12:41PM Wed 8 Jun, 2016
نئی دہلی۔ مرکزی وزیر برائے شہری ترقی وینکیانائڈو نے ہندستان کو دنیا کا سب سے زیادہ روادار ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں کسی پر حملہ کرنے کی کوئی روایت نہیں رہی ہے۔ مسٹر نائیڈو نے کل رات یہاں دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹیڈ (ڈائیل) کے زیراہتمام منعقدہ ایک پروگرام میں اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہندستان دنیا کا سب سے زیادہ روادار ملک ہے۔ یہاں کسی پر حملہ کرنے کی کوئی تاریخ نہیں رہی ہے۔ ہم کسی کو دکھ نہیں پہنچاتے۔ ہم تو ہر جاندار چیزوں ، جانوروں ، کیڑے مکوڑوں یہاں تک کہ پیڑ پودوں تک سے بھی پیار کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں دہلی میں افریقی طلبا پر ہوئے حملے اور گزشتہ برس اترپردیش میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد عدم رواداری کے سلسلے میں اچانک شروع ہوئی بحث کے پس منظر میں مسٹر نائیڈو کا یہ بیان اہم ہے۔ عدم رواداری کے معاملے پر فلمی دنیا سے لے کر ادب کی دنیا تک کی کئی اہم شخصیات نے اپنے ایوارڈ واپس لوٹا دیئے تھے۔