دہلی خاتون کمیشن نے فیس بک سے گرمہر کور کو دھمکی دینے والوں کا اکاؤنٹ بند کرنے کو کہا

02:04PM Thu 2 Mar, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)دہلی خاتون کمیشن (ڈی سی ڈبلیو)کی صدر سواتی مالیوال نے منگل کو فیس بک کو نوٹس جاری کرکے دہلی یونیورسٹی کی طالبہ گرمہر کور کو جان سے مارنے اور ریپ کی دھمکی دینے والوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے کہاہے ،اور جن فیس بک اکاؤنٹس سے دھمکیاں دی گئیں ہیں، انہیں بند کرنے کے لیے بھی کہا ہے ۔کمیشن نے فیس بک کو جاری نوٹس میں لکھا ہے کہ گرمہر کے خلاف انتہائی قابل اعتراض تبصرے کئے گئے اور ریپ کی دھمکی دی گئی، کمیشن کو اپنی شکایت میں گرمہر نے اسکرین شاٹ کی شکل میں ضروری ثبوت پیش کیا ہے ۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کا خیال ہے کہ فیس بک کو دھمکی دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے اور ان کے اکاؤنٹ فوری طور پر بند کئے جانے کی ضرورت ہے۔مالیوال نے آگے لکھا ہے کہ دہلی پولیس نے کمیشن کی مداخلت کے بعد معاملہ میں ایف آئی آر درج کر لی ہے، کمیشن نے گرمہر کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے والوں، جان سے مارنے اور ریپ کی دھمکی دینے والوں کی شناخت کرنے کے مقصد سے فیس بک سے ان کی پوری تفصیلات ، آئی پی ایڈریس اور دیگر اطلاعات دینے کے لیے بھی کہا ہے۔نوٹس میں فیس بک سے اس سلسلے میں کارروائی کے بارے میں 6 ؍ مارچ تک کارروائی رپورٹ جمع کرنے کے لیے بھی کہاگیاہے۔