جے ڈی ایس صدر کمار سوامی کی بھٹکل آمد؛ اقتدار ملنے پر بھٹکل کے اہم مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی

01:08PM Sun 18 Mar, 2018

بھٹکلیس نیوز ؍ 19 مارچ،2018 بھٹکل ؍ (رضوان گنگاولی) جنتادل (سیکولر) کے ریاستی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ کرناٹک ایچ ڈی کمار سوامی انتخابات کی اشتہاری مہم کے لئے  کل بھٹکل آئے ہوئے تھے۔ اس موقع پر انجمن میدان میں منعقد عوامی اجلاس سے انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک بار ان پر بھروسہ کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیں تاکہ ریاست کو درپیش مسائل حل کئے جاسکیں ۔ انہوں نے بھٹکل میں موجود اتی کرم مسئلہ کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس بار وہ وزیر اعلیٰ بنتے ہیں تو ایک ہفتہ کے لئے اپنے وزیروں کے ساتھ یہاں رہیں گے اور یہاں موجود اتی کرم مسئلہ کو پوری طرح حل کرتے ہوئے واپس جائیں گے۔ موصوف نے اس موقع پر بی جے پی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی صرف مذہب اور فرقہ وارانہ تشدد کے ذریعہ ووٹ بٹورنا چاہ رہی ہے، انہوں نے یو پی کے وزیر اعلی یوگی ادتیاناتھ پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ وہ خود اپنے علاقہ میں موجود اسپتال میں بچوں کی ہلاکت پر کارروائی نہیں کرپائے تو وہ کیا خاک کرناٹک کی عوام کے مسائل حل کریں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ  نےکمٹہ اور ہوناور کے حالیہ فسادات کو بی جے پی کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ووٹ بینک کے لئے جان بوجھ  کران فسادات کو ہوا دی ہے اور لوگوں سے جھوٹی ہمدردی دکھلا کر ووٹ حاصل کرنا چاہ رہی ہے۔ کمار سوامی نے اس موقع پر جہاں اتر کینرا ضلع کے ایم پی اور مرکزی وزیر آننت کمار پر سوالات اٹھائے اور ان کی جانب سے ترقیاتی کام نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی وہیں بھٹکل کے رکن اسمبلی کی طرف سے لگائے گئے 1500ہزارکروڑ روپیوں کے بینروں پر بھی سوال کھڑا کیا اور کہا کہ اگر اتنا کام ہوا ہے تو پھر بھٹکل میں اتنے مسائل کیوں ہیں؟؟ انہوں نے اس موقع پر ریاستی حکومت کو فسادات روکنے اور کسانوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام قرار دیا اور لوگوں سے درخواست کی کہ ایک بار وہ جنتادل (سیکولر) کو حکومت کرنے کا موقع دیں اور دیکھیں کہ ریاست کے حالات کیسے تبدیل ہوتے ہیں۔ اس موقع پر جے ڈی ایس بھٹکل امیدوار عنایت اللہ شاہ بندری نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ ایم ڈی نائک نے استقبال کیا ، منجوشٹی سرسی نے نظامت کی۔ ڈائس پر رکن اسمبلی مدھو بنگارپا،  مری تپے گوڈا، ضلع صدر بی آر نائک، گنپیا گوڈا، پردیپ نایک، رویندرناتھ نائک، الطاف باوا، راجو نائک وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر کانگریسی لیڈر شمبھو گوڈا سمیت کافی لوگوں نے جے ڈی ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے قبل  کمار سوامی کا شرالی کے شادھولے میں استقبال کیا گیا اور وہاں کے مندر میں پوجا پاٹ کرکے وہاں سے جلسہ میں شامل ہوئے۔