پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر حکومت نے کیا یہ بڑا فیصلہ ، پڑھیں آپ پر کیا پڑے گا اثر ؟

12:09PM Wed 2 Jan, 2019

سرکاری تیل کمپنیاں ( ایچ پی سی ایل ، بی پی سی ایل ، آئی او سی ) اب پٹرول ڈیزل کی فروخت پر ایک روپے فی لیٹر کا بوجھ نہیں اٹھائیں گی ۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں آئی گراوٹ کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لگاتارکم ہورہی ہیں ، اس لئے کمپنیاں اس کو واپس لے سکتی ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ اکتوبر مہینے میں مرکزی حکومت نے پٹرول ڈیزل پر ڈیڑھ روپے ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ساتھ ہی تیل کمپنیوں کو بھی ایک روپے فی لیٹر کا بوجھ اٹھانے کیلئے کہا تھا ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سرکاری تیل کمپنیاں ، جو ملک میں سب سے زیادہ پٹرول اور ڈیزل فروخت کرتی ہیں ، صارفین کو خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے سبھی فائدے نہیں دیں گی کیونکہ وہ اس مارجن ہٹ کو حاصل کرنا چاہتی ہیں جو وہ لے رہی ہیں۔
 قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت پٹرول پر فی الحال 19.48 روپے اور ڈیزل پر 15.23 روپے ایکسائز ڈیوٹی وصول کرتی ہے۔حکومت کو اس سے موٹی کمائی ہوتی ہے۔ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران پٹرول پر 73516.8 کروڑ روپے اور ڈیزل پر 1.5 لاکھ کروڑ روپے کی ایکسائز ڈیوٹی وصول کی ۔