اسنیپ چیٹ نے سعودی عرب میں الجزیرہ کے مواد کو کیا بلاک
04:01PM Tue 19 Sep, 2017
دبئی۔ معروف سوشل سائٹ اسنیپ چیٹ نے سعودی حکام کی جانب سے ملنے والی درخواست کے بعد مملکت میں الجزیرہ کے مواد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اسنیپ چیٹ کے ترجمان نے اس حوالہ سے کہا کہ مقامی اصول وقوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ وہیں، الجزیرہ نے اس پابندی کو اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
الجزیرہ کے کارگزار ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ سوانگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسنیپ چیٹ کا یہ اقدام چونکانے والا ہے اور اس سے ہمیں دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ وہ حکومتیں اور ممالک ان آوازوں اور پلیٹ فارموں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کے مالکان پر دباو ڈال کر خاموش کرا سکتے ہیں جن سے وہ متفق نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کی ناکہ بندی کر رکھی ہے اور ان ممالک کا الزام ہے کہ قطری ٹی وی چینل الجزیرہ انتہا پسند جماعتوں کے ترجمان کے طور پر کام کرتا ہے ، حالانکہ قطر نے اس الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کیا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں قطر کا بائیکاٹ کرنے والے خلیجی ممالک دوحہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے ٹی وی چینل الجزیرہ کو بند کر دے۔