بھارت کبڈی کا عالمی چیمپئن

06:38AM Sun 15 Dec, 2013

بھارت نے پاکستان کو کبڈی کے چوتھے عالمی چیمپئن شپ کے فائنل میں نو پوائنٹس سے ہرا کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔ بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ کے گرو نانک سٹیڈیم میں سنیچر کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں بھارت نے پاکستان کو48-39 سے شکست دی۔ ہاف ٹائم سے پہلے بھارت کو پاکستان پر صرف 2 پوائنس کی سبقت حاصل تھی لیکن میچ کا دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی بھارتی ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ سنہ 2013 کے عالمی کبڈی چیمپئن شپ کا فائنل جیت کر بھارت نے اپنے ٹائٹل کا دفاع کیا ہے۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں امریکی ٹیم کو 51 - 33 سے ہرایا تھا۔پاکستان فائنل کے علاوہ پوری چیمپئن شپ میں ناقابلِ شکست رہا تھا اور گروپ بی میں اپنے تمام میچ جیت چکا تھا۔ گروپ بی میں پاکستان، انگلینڈ، سرائی لیون، ڈنمارک، کینیڈا اور سکاٹ لینڈ تھے۔ پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کبڈی کے عالمی کپ کا فائنل میچ کے موقع پر پاکستانی پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا کہ’اگر پاکستان جیت گیا تو آپ کا پڑوسی جیت گیا اور آپ ہمیں مبارک باد دے سکتے ہیں۔‘ پاکستان کی سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق میاں شہباز شریف نے جو بھارت کے دورے پر ہیں اس خواہش کا اظہار کیا کہ کبڈی کا ئندہ عالمی چیمپئن شپ کا انعقاد لاہور میں ہو۔ BBC URDU 111108072712_kabbadi_afp