قومی یکجہتی کی انوکھی مثال ، رام نومی کے موقع پر مسلمانوں نے ہندو بچیوں کے اعزاز میں ظہرانہ کا کیا انعقاد

03:28PM Thu 18 Oct, 2018

دسہرہ سے ایک دن قبل رام نومی کے موقع پر علی گڑھ میں قومی یکجہتی اور آپسی بھائی چارہ کی ایک مثال اس وقت دیکھنے کو ملی ، جب مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنان نے ہندو بچیوں کو کے اعزاز میں ظہرانہ کا انعقاد کیا ۔اس موقع پر علی گڑھ کے کمشنر اجے دیپ سنگھ کے ساتھ دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔کمشنر اجے دیپ سنگھ نے مذکورہ کوشش کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا یہ پیغام پوری دنیا میں جائے گا۔ علی گڑھ گنگا جمنی تہذیب کے لئے اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے اور اس طرح کی چھوٹی چھوٹی کوششوں سے ہی اس شناخت کو قائم رکھا جاسکتا ہے ۔علی گڑھ کے مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن امان اللہ خان کی جانب سے یہ کوشش کئی سالوں سے کی جارہی ہے کہ شہر میں آپسی بھائی چارہ کی لو جلائی رکھی جائے ۔ان کا کہنا ہے کہ اوپر والے کا کرم ان پر ہے ، ان کی کوشش رہتی ہے کہ وقت وقت پر اس طرح کے پروگرام کریں ، تاکہ لوگوں کو اس سے سبق مل سکے ، کیونکہ سبھی مذاہب پیار ومحبت کی تعلیم دیتے ہیں ۔
 کمشنر علی گڑھ اجے دیپ سنگھ نے بھی اس کوشش کی ستائش کی اور کہا کہ ایسے پیغامات جانے چاہئیں ، تاکہ دوسرے اس سے سبق لیں۔وہیں ہندو بچیوں نے بھی اس کو اچھا بتاتے ہوئے کہا کہ انہیںیہاں آکر اور دعوت کھاکر  بہت مزا آیا ۔