مسلم چیمبر وزیرِ اعظم کے میک ان انڈیا اور اسکل انڈیا مشن پر مہم چلائے گا

01:33PM Wed 20 Jul, 2016

مسلم تاجر اور صنعت کار ملک کے اقتصادی فروغ میں تعاون پیش کریں گے: ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ20؍جولائی: مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایم سی سی آئی) نے مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کو ملک کے قومی دھارے سے جوڑنے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے میک ان انڈیا اور اسکل انڈیا مشن کو کامیاب بنانے کے لئے مہم تیز کردی ہے۔ مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایم سی سی آئی) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ ملک میں چھوٹے اور منجھلے مسلم تاجروں ،کاریگروں اور صنعت کاروں کی کمی نہیں ہے لیکن وہ متحد نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں نئی تکنیکوں، صنعتوں اور بازار پر موقوف اقتصادی نظام کا بھر پور علم ہے اس لئے وہ ملک کے اقتصادی فروغ کا نہ تو حصہ بن پاتے ہیں اور نہ کوئی فائدہ حاصل کر پاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے میک ان انڈیا اور اسکل انڈیا مشن میں تعاون پیش کرنے کے لئے ایم سی سی آئی نے جہاں ایک جانب مسلم تاجروں اور صنعت کاروں کو نئی تکنیکوں سے متعارف کرانے کا بیڑہ اٹھایا ہے وہیں دوسری جانب غیر تجربہ کار کاریگروں کو باہنر کاریکر بنانے کی مہم شروع کی ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ جن علاقوں میں بھی مسلم تاجر اور صنعت کار ہیں وہاں مسلم چمیبر اسکل ڈیولپمنٹ کیمپ منعقد کرے گا تاکہ مقامی کاریگروں کو تربیت دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ علی گڑھ کی تالا صنعت سے لے کر بنارس کی ساڑیوں تک مسلم کاریگر وں، تاجروں اور صنعت کاروں کے مفادات بدلتے دور کے میں متاثر ہو رہے ہیں اور ایم سی سی آئی انہیں نہ صرف اقتصادی طور پر مضبوط کرنا چاہتی ہے بلکہ ملک کی ترقی اور اقتصادی نظام میں بھی ان کی حصہ داری کو بڑھانا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان عالمی منظر نامہ پر ایک اقتصادی طاقت کی شکل میں ابھر رہا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ مسلم تاجراور صنعت کار بازار پر موقوف اقتصادی نظام کو اپنا کر کامیابی کی نئی منازل طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ان کی رہنمائی کرے گا اور حکومت سے ان صنعتی پالیسیوں میں تبدیلی کا بھی مطالبہ کرے گا جو صنعت اور تجارت کو منفی طور پر متاثر کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے توقع ظاہر کی کہ مسلم چیمبر کی قیادت میں ملک کے مسلم تاجر، صنعت کار وغیرہ نہ صرف اپنے اپنے میدانوں میںآگے بڑھیں گے بلکہ ملک کے اقتصادی نظام میں اہم رول ادا کریں گے۔