بینگلور-واسکو  خصوصی ریل گاڑی کو وزیر اعلی یڈی یورپا نے دکھائی ہری جھنڈی

03:02PM Sun 8 Mar, 2020

بینگلور: 08 مارچ، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ’’یشونت پور۔ کاروار ۔ واسکو ڈی گاما‘‘ اسپیشل ایکپسرس ٹرین کو ہفتہ کے روز بینگلور میں منعقد افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیر اعلیٰ یڈی یورپا نے ہری  جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ہے۔ ریل محکمہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق’’یشونت پور۔ کاروار۔ واسکو ڈی گاما‘‘  یشونت پور سے شام  پونے سات بجے  نکلے گی اور صبح  آٹھ بج کر 25 منٹ پر کاروارپہنچے گی۔ کاروار سے یہ ٹرین نکل کر صبح ساڑھے دس بجے واسکو پہنچے گی۔ جبکہ واپسی میں یہ ریل گاڑی سہ پہر 3بج کر 25 منٹ پر واسکوسے نکل کر  کاروار پہنچے گی۔ کاروار سے شام ساڑھے پانچ  بجے بنگلوروکے لئے  نکلے گی اور صبح 8بجے یشونت پور پہنچے گی۔ متعلقہ ٹرین یشونت پور سے نکلنے کے بعد مختلف مقامات پر رُکے گی ۔ جس میں خاص کر ہاسن۔ سکلیشپور، کبکا پتور، بنٹوال، سورتکل ، ملکی، اُڈپی، بارکور، کنداپور، بیندور، بھٹکل ، مرڈیشور، ہوناور، کمٹہ ، گوکرن اور انکولہ شامل ہیں۔ ریل گاڑی کی افتتاحی تقریب میں  رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے ، ایم ڈی شری اے کے سنگھ ، ڈی آر ایم شری اے کے ورما ، ریلوے افسران اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔