ہندوستان اورسری لنکا کے درمیان نیوکلیائی معاہدہ پر دستخط

07:18AM Tue 17 Feb, 2015

ہندوستان نیوکلیائی توانائی کے شعبے میں سری لنکا کو تعاون کرے گا، ہندوستان اور سری لنکا کی سلامتی و خوشحالی آپس میں مربوط ہے :وزیراعظم بھٹکلیس نیوز / 17 فروری، 15 نئی دہلی/(یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کے تحفظ اور خوشحالی میں سری لنکا برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان سری لنکا کی چہار طرفہ ترقی کے لئے ہر ممکن مدد کرے گا اور مشترکہ تعاون کے ذریعہ اس کی مدد کرے گا۔مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین دفاعی و سیکورٹی کے شعبے میں تعاون جاری رہے گا اور اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا کے ساتھ بات چیت کے بعد مسٹر مودی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین سول نیو کلیائی تعاون کے تحت معاہدے کئے گئے ہیں جس کے ذریعہ دونوں ملکوں کیلئے نئے راستے کھلیں گے۔دونوں ملکوں کے درمیان زرعی وصحت کے شعبوں میں بھی تعاون کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے طے کیا ہے کہ وہ دفاعی و سلامتی شعبوں میں تعاون کو بڑھائیں گے۔ انہوں نے بحریہ کے سیکورٹی میں پیش رفت کے لئے مبارکباد پیش کی اور مالدیپ کے ساتھ سہ ملکی تربیتی پروگرام کو سراہا۔مسٹر مودی نے مزید کہا کہ اب دونوں ملکوں کے مابین فضائی و سمندری رابطوں میں بھی اضافہ کیا جا ئے گا اور اسے بہت بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔مسٹر مودی نے کہا کہ میں نے سری لنکا کے صدر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ہندوستا ن انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے مزید کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین زرعی تعاون کو بھی وہ خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہندوستان و سری لنکا کے مابین آج چار معاہدوں پر دستخط ہوئے جس میں ایک معاہدہ انتہا اہم و تاریخی نوعیت کا ہے ۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان پرامن نیوکلیائی توانائی کے تعاون کا ہے ۔یہ معاہدے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی و سری لنکا کے نو منتخب صدر میتھری پالا سری سینا کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد طے پائے ۔ان معاہدوں میں یہ بھی شامل ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو مختلف شعبوں میں تعاون دیں گے ۔تعلیم و مہارت، وسائل میں حصہ داری،فوجی اہلکاروں کی تربیت،امن کے حصول کے لئے نیوکلیائی توانائی کا استعمال، نیوکلیائی تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی سے نپٹنے کے انتظامات شامل ہیں۔قبل ازیں ہندوستان نیوکلیائی توانائی کے پرامن استعمال کی غرض سے وسائل، معلومات اور مہارت کے شعبے میں سری لنکا کا تعاون کرے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی اور سری لنکا کے صدر میتری پال سری سینا کے درمیان آج یہان منعقدہ چوٹی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے مابین اس سمجھوتے پر دستخط ہوئے ۔حیدرآباد ہاؤس میں دونوں اہم لیڈروں کی موجودگی میں نیوکلیائی توانائی سے متعلق محکمے کے سکریٹری رتن کمار سنہا اور سری لنکا کے وزیر توانائی پاٹل چمپیکا رانا وکا نے اس سمجھوتے پر دستخط کئے ۔سری لنکا جنوبی ایشیا کا ایسا پہلا ملک ہے ، جس کے ساتھ ہندوستان نے نیوکلیائی توانائی کے شعبے میں تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قبل ازیں سری لنکا کے صدر میتریپال سریسینا کا آج یہاں راشٹرپتی بھون میں شاندار استقبال کیا گیا۔مسٹر سریسینا اپنی اہلیہ جینتی سسریسینا کے ساتھ اپنے پہلے سرکاری دورہ پر کل شام یہاں پہنچے ہیں۔ ہوائی اڈے پرروڈ ، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر مملکت پی رادھا کرشنن نے انہیں خوش آمدید کہا تھا۔مسٹر سریسینا صبح دس بجے راشٹرپتی بھون پہنچے جہاں صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور وزیراعظم نریندر مودی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ بعد میں انہیں فوج کے تینوں بازوؤں نے مشترکہ طورپر سلامی دی۔ اس موقع پر مسٹر مکھرجی نے مرکزی کابینہ کے اراکین سے ان کا تعارف بھی کرایا۔مسٹر سریسینا راشٹرپتی بھون سے سیدھے راج گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے بعد میں ہوٹل جاکر مہمان صدر سے ملاقات کی۔ اس کے بعد مسٹر سریسینا کی وزیراعظم مسٹر مودی کے ساتھ باہمی ملاقات ہوگی جس میں ہند۔سری لنکا تعلقات کے نئی کروٹ لینے کا امکان ہے ۔مسٹر سریسینا نئی دہلی پہنچنے سے قبل ہی اس طرح کے اشارے دے چکے ہیں کہ ان کی حکومت ہندوستان کے ساتھ رشتوں کو زیادہ ترجیح دے گی۔سری لنکا کی نئی حکومت کے ترجمان اور وزیر لکشمن کیرئیلا نے کل کولمبو میں کہا تھا کہ انکی حکومت ہندوستان کے ساتھ تعلقات کا نیا آغاز کرے گی۔ اس چوٹی میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان شمالی سری لنکا میں تملوں کی بازآبادکاری، علاقائی ڈھانچہ جات کی تعمیرنو، خلیج منار میں مچھلی پکڑنے والے ہندوستانی ماہی گیروں کا مسئلہ اور سری لنکا میں تملوں کو زیادہ حقوق دینے سے متعلق 13ویں ترمیم کے معاملے پر اہم فیصلے کئے جانے کی امید کی جارہی ہے ۔شام کو ان کی راشٹرپتی بھون میں مسٹر مکھرجی سے ملاقات ہوگی جہاں صدر مہمان لیڈر کے اعزاز میں ضیافت دیں گے ۔ مسٹر سریسینا کل دوپہر بودھ گیا جائیں گے اور شام کو وہاں سے تروپتی جائیں گے ۔ بدھ کو وہ تروپتی سے اپنے ملک کے لئے روانہ ہوجائیں گے ۔سری لنکا میں گزشتہ ماہ ہوئے صدارتی انتخابات میں جیتنے والے مسٹر سریسینا نے 9جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔