شریعت میں ایسی لچک موجود ہے کہ یہ ہر زمانے کے تقاضوں کو پورا کرسکتی ہے : مولانا خالد سیف اللہ رحمانی‎

03:23PM Mon 26 Dec, 2016

اورنگ آباد۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا اورنگ آباد میں تفہیم شریعت کے عنوان سے دو روزہ ورکشاپ کا آغاز ہوا۔ اس ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نےکی ۔ اس موقع پر مسلمانوں کے مسائل کے تعلق سے حکومت کے رویے، میڈیا کے رول اور اسلام کے تعلق سے سماج میں پھیلی غلط فہمیوں کے تدارک پر غور وخوض کیا گیا۔ اورنگ آباد کے مولانا آزاد ریسرچ سینٹر میں منعقدہ علما و اکابرین ملت کے اجلاس میں اس پر غور و فکر کیا گیا کہ ملت کو درپیش چلینجزکا سامنا کیسے کیا جائے ۔ اس موقع پر مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری خالد سیف اللہ رحمانی نے ورکشاپ کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور یہ واضح کیا کہ شریعت میں ایسی لچک موجود ہے کہ یہ ہر زمانے کے تقاضوں کو پورا کرسکتی ہے۔ کیونکہ شریعت انسان کی فطرت کےعین مطابق ہےاورفطرت کبھی نہیں بدلتی ۔ اس موقع پرمولانا رحمانی نے مسلمانوں کے مسائل کے تعلق سے میڈیا کے رول پر بھی اپنے انداز میں نکتہ چینی کی ۔ دو روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے امیر شریعت مراٹھواڑہ مفتی معیز قاسمی نے بھی خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں امیر شریعت نے خواتین کے تعلق سے پھیلائی جا رہی غلط فہمیوں کو پروپگنڈے سے تعبیر کیا اوراسلام نےخواتین کو کیا مقام دیا ہے، اس کی وضاحت کی ۔ مقررین نے طلاق کے مسئلے پرحکومت کی دلچسپی پر بھی سوال اٹھائے۔ دو روزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس میں ریاست مہاراشٹر اور گوا کےعلما، وکلا اور دانشوروں نے بھی شرکت کی۔ اس ورکشاپ کے ذریعے علما اور وکلا سے اپیل کی گئی کہ وہ احکام شریعت کی مصلحتوں سے خود بھی واقف ہوں اور معاشرے کو بھی واقف کرائیں ۔