سرکاری اردو ہائیر پرائمری اسکول میں خون کے دھبوں اور ٹوٹی ہوئی کھڑکی سے طلبہ اور اساتذہ میں تشویش

03:07PM Tue 19 Mar, 2019

بھٹکل: 19 مارچ،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مدینہ کالونی کے محی الدین اسٹریٹ میں واقع سرکاری اردو ہائیر پرائمری اسکول میں آج صبح خون کے دھبے اور کھڑکی کے ٹوٹے شیشے پائے جانے کی وجہ سے وہاں کے طلبہ اور اساتذہ میں تشویش پیدا ہوگئی ہے اور سمجھا جارہا ہے کہ یہاں گزشتہ رات کوئی جھگڑا ہوکر دو فریقوں کے درمیان ہاتھاپائی ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ آج صبح اس وقت نظر میں آیا جب اسکول کے ایک استاد اسکول میں داخل ہوئے۔ انہوں نے سب سے پہلے اسکول کی گیٹ کے قریب موجود دیواروں پر خون کے نشانات دیکھے جس سے ان کو تشویش لاحق ہوئی تاہم جیسے ہی وہ اسکول کے صحن میں پہنچے تو وہاں بھی دو ایک جگہوں پر خون کے نشانات موجود تھے اور اسکول کی عمارت کی ایک کھڑکی کے شیشے ٹوٹ کر زمین پر گرے ہوئے تھے۔ واردات کے معلوم ہوتے ہی فوری طور پر پولس کو اس کی اطلاع دی گئی جس کے بعد پولس نے جائے ورادت کا معائنہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا ہے۔