جمہوریت میں جو جیتا وہی سکندر:اعظم خان 

03:11PM Mon 20 Mar, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)یوگی آدتیہ ناتھ نے آج اتر پردیش کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لے لیا۔ حلف برداری کی یہ تقریب آج دوپہر 2.15بجے سے لکھنؤ واقع کانشی رام اسمرتی اپون میں ہوئی ۔یوگی آدتیہ ناتھ اتر پردیش میں بی جے پی کے چوتھے اور کل 21ویں وزیر اعلی بن گئے ہیں ۔اس درمیان اترپردیش کے سابق وزیر اور سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری اعظم خان نے بڑا بیان دیا ہے۔مسٹر خان نے یوگی آدتیہ ناتھ کو وزیر اعلی بنائے جانے کے سوال پر کہاکہ جمہوریت میں فیصلوں کا احترام کیا جانا چاہیے، جو پارٹی جیتی ہے یہ ،اس کا اپنا معاملہ ہے کہ وہ کسے وزیر اعلی بنائے؟اعظم خان نے مزید کہاکہ جمہوریت میں جو جیتا وہی سکندر ہوتا ہے، ہندو مذہب میں بھگوا کپڑوں کی ایک الگ جگہ ہے،میرا اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔اس پر علماء کونسل ، احمد بخاری اور اسدالدین اویسی جیسے لوگ رائے دیں تو زیادہ بہتر ہوگا ، میری رائے کا فی الحال کوئی مطلب نہیں ہے۔