ترقی کے معاملے میں شمال جنوب کا امتیاز نہیں: ریونا
05:01AM Fri 3 Aug, 2018
ہاسن:3؍اگست ( سالارنیوز) ریاستی حکومت کو کسی بھی طرح کے شمال جنوب کا امتیاز نہیں ہے۔ ضلع کی ترقی ہی حکومت کا عین مقصد ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ و ضلع نگران کار ایچ ڈی ریونا نے کہی۔انہوں نے یہاں ہولے نرسی پورہ تعلقہ کے ہچناپکو ایتا نیراوری منصوبے کے پہلے مرحلے کا آغاز کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے دن رات جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی کرناٹک کے آبی منصوبوں کیلئے فنڈ کی فراہمی اور بیلگاوی کے سورنا سودھا کی تعمیر کیلئے کمار سوامی اور دیوے گوڑا کا تعاون اہم رہا ہے۔ حال ہی میں اعلان کردہ کسانوں کے زرعی قرض معاف کے منصوبے سے ریاست کے تمام اضلاع کے کسانوں کو فائدہ ہوا ہے۔ شمالی کرناٹک کی ترقی کیلئے بورڈ کارپوریشنوں اور دیگر محکموں کے افسروں کوبیلگاوی کے سورنا سودھا کیلئے تقرر کئے جانے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا جس وقت وزیر اعظم کے عہدے پر فائز تھے اس وقت راشن کارڈ ہولڈروں میں زیادہ اناج تقسیم کرنے کا منصوبہ جاری کیا تھا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہاسن ضلع میں زیر التوا تمام آبی منصوبوں کو پھر سے شروع کئے جانے کے بارے میں اقدامات کئے جائیں گے۔ کسانوں کے مفاد کو برقرار رکھنے حکومت اولین ترجیح دے گی۔ ہیچناکپلور ایتا نیراوری منصوبہ 2007-08 میں منظور ہوا تھا اور 5000 لاکھ روپئے کی اندازاً لاگت سے تعمیری کام ہوا ہے۔