اتحادی حکومت گرنے پر بی جے پی کرناٹک میں حکومت بنانے کی کوشش کرے گی : یدیورپا

03:46PM Tue 1 Jan, 2019

کرناٹک ایوان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور ریاستی بی جے پی کے صدر بی ایس یدیورپا نے پیر کے دن کہا کہ اگر یہاں جنتا دل( سیکولر)۔ کانگریس اتحاد کی حکومت خود ہی گر جائے تو ان کی پارٹی ریاست میں حکومت بنانے پر غور و خوض کرے گی۔ مسٹر یدیورپا نے پریس کانفرنس میں کہاکہ اتحادی باہم جھگڑ رہے ہیں،جو حکومت گرنے کا اہم سبب بنے گا۔ بی جے پی کے سات ماہ پرانی اتحادی حکومت گرانے کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ برسر اقتدار پارٹی کے اراکین کو توڑنے کی کوشش میں شامل نہیں ہے۔ مسٹر سدارمیا جھوٹے الزامات عائدکر رہے ہیں کہ بی جے پی ایک ایک رکن اسمبلی کو بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے 25 سے 30 کروڑ روپیے لالچ دے رہی ہے۔
 رابطہ کار کمیٹی کے صدر سدارمیا کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل اراکین میں پھیلی بے چینی کو ختم کرنے کے بجائے مسٹر سدارمیا بی جے پی پر الزام لگا رہے ہیں۔ جس طرح سے اتحا د کے شراکت دار وں میں باہمی لڑائی ہے، اسے دیکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ حکومت جنوری میں ہونے والی مشترکہ اسمبلی اجلاس کے وقت ہی گر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک بی جے پی کا سوال ہے تو وہ صرف آپس میں بیٹھ کر آئندہ لوک سبھاالیکشن کی منصوبہ بندی اور زیادہ سے زیادہ لوک سبھا سیٹیں جیتنے کے لائحہ عمل پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کے شراکت دار وں اور کابینہ میں شامل افراد میں کافی بے چینی ہے۔ مسٹر سدارمیا کے بی جے پی پر خرید و فروخت کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا اگر ایسا ہے تو انھیں ثبوت دینا چاہیے۔