سرکاری اسکیموں کے بارے میں جانکاری پہنچانے میں سماجی ادارے اہم رول ادا کرسکتے ہیں: تنویرسیٹھ
03:29PM Sun 20 Aug, 2017
بنگلور:(بھٹکلیس نیوز ) اقلیتوں کی فلاح وبہبودی کیلئے حکومت کی طرف سے جاری اسکیموں کو لوگوں تک پہنچانے میں غیر سرکاری ادارے ( سماجی ادارے) اہم رول ادا کرسکتے ہیں سماجی اداروں کو چاہئے کہ وہ مینارٹی ڈیو لپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے بیداری پیدا کریں۔ کرناٹک کے وزیر برائے اقلیتی بہبود جناب تنویر سیٹھ نے آج یہاں کے یم ڈ ی سی کے زیر اہتمام ین جی اوس کے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتا یا کہ مینارٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو قائم ہوئے20سال کا عرصہ ہوگیا حکومت اس کیلئے ہر سال بجٹ الاٹ کرتی رہی ہے اور اقلیتوں کی بہبودی کیلئے اسکیم بنائے جاتے رہے ہیں شروع میں حکومت نے31کروڑ روپئے کا بجٹ الاٹ کیا تھا 2011-12میں اس بجٹ کو بڑھا کر 200کروڑ کیا گیا اب2017میں2200کروڑ روپئے کا بجٹ الاٹ کیا گیا ہے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ہر سال برابر بجٹ میں اضافہ ہوتا آرہا ہے اور بجٹ خرچ بھی ہورہا ہے لیکن ان اسکمیوں سے لوگوں کو کتنا فائدہ ہورہا ہے کتنے لوگ اسکیموں سے واقف ہیں اس کا جائزہ بھی لیا جانا ضروری ہے یہ کام صرف حکومت کی طرف سے ہونا ممکن نہیں اس میں ملی اداروں کا بھی تعاؤن چاہئے۔ جناب تنویر سیٹھ نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے ین جی اوس کی کانفرنس طلب کی آئندہ متولی کانفرنس بھی منعقد کریں گے۔ حکومت کی اسکیموں کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے ڈسٹر کٹ انفارمیشن سنٹرس بھی قائم کئے گئے اور تقریباً176تعلقہ جات میں بھی انفارمیشن سنٹر س قائم ہیں اس میں مزید توسیع کی جائے گی۔ جناب سیٹھ نے کہاکہ اگر ین جی اوس ( سماجی ادارے ) ان انفارمیشن سنٹرس سے جڑ کر کام کریں گے تو اس کام میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری مساجد کو بھی مرکز بنا کر بیداری مہم چلانا چاہئے اس سے زیادہ لوگوں کو جانکاری اور فائدہ ہوگا۔ جناب تنویر سیٹھ نے کہا کہ حکومت کے بہت سارے اسکیموں کے بارے میں مسلمان بہت کم جانکاری رکھتے ہیں، ہاؤزنگ اسکیم کے بارے میں جانکاری نہ ہونے کی وجہ بہت کم لوگوں کو فائدہ پہنچا۔ بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے میں بھی ہم ناکام ہوتے ہیں اس کی وجہ ہمارا طریقہ کار صحیح نہیں ہوتا ہمارے ادارے اپنے اپنے علاقہ میں ملی وسماجی خدمت انجام دے رہے ہیں وہ بینکوں سے رجوع ہو کر قرضہ دلانے میں مدد کرسکتے ہیں ۔ہنر مندوں کو سلف ہلپ گروپ اسکیم کے ذریعہ مدد پہنچا سکتے ہیں بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے کئی ایک اسکیم موجود ہیں اس میں رہنمائی کرسکتے ہیں اور ملت کے اندر بیداری پیدا کرنے کاکام انجام دے سکتے ہیں آج کے اس پروگرام میں ریاستی وزیر جناب رشن بیگ مینارٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے سکریڑی جناب محمد محسن ، کے یم ڈی سی کے چیرمین جناب یم اے غفور، کے یم ڈ ی سی کی سکریڑی محترمہ نکہت آبرو، ریٹا ٹر ڈ افسران جناب ضمیر پاشاہ ، جناب یونثار احمد وغیرہ شریک تھے۔