جمہوریت نے کسی ایک خاندان کوٹھیکا نہیں دیا، وزیراعظم مودی کی کانگریس پرشدید تنقید
01:08PM Fri 16 Nov, 2018
چھتیس گڑھ میں 20 نومبرکو دوسرے اورآخری مرحلے کے لئے ووٹنگ ہونی ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی جمعہ کو بی جے پی کی ایک ریلی کے لئے امبیکا پورپہنچے۔ اس دوران وزیراعظم نریندرمودی نے لوگوں سے منگل کوزیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹنگ میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ ریلی میں کانگریس لیڈرششی تھرورکے ایک بیان کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کانگریس کوچیلنج بھی کیا۔
نریندرمودی نے کہا کہ اگرسابق وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو کے کام کی وجہ سے ایک چائے والے کو وزیراعظم بننے کا موقع ملا توکانگریس صرف ایک بارپانچ سال کے لئے گاندھی - نہرو خاندان سے باہرکے کسی وقف کانگریسی کو صدربنادے تومیں مان لوں گا کہ نہروجی نے کانگریس میں جمہوریت کی بنیاد رکھی تھی۔
دراصل ترواننت پورم سے کانگریس ممبرپارلیمنٹ اورسینئرلیڈرششی تھرور نے حال ہی میں وزیراعظم مودی کولے کرایک بیان دیا تھا۔ تھرورنے کہا تھا کہ آج نریندرمودی جو وزیراعظم بنے ہیں، اس کا کریڈٹ جواہرلال نہرو کو جاتا ہے۔ کیونکہ نہرو نے ہی اپنی حکومت میں اداروں کو لچکداربنایا تھا۔