اب بینگلورو سے ضلع اتر کینرا میں آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹ ضروری: دوسرے اضلاع سے آنے والوں پر بھی رکھی جارہی ہے نگاہ

06:27AM Sun 28 Jun, 2020

کاروار: 28 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اب تک ریاست کرناٹک میں دوسری ریاستوں سے آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا تھا لیکن اب تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے جاری نئے احکامات کے مطابق بینگلورو سے لوٹنے والوں کو بھی سرکاری اسپتال جاکر اپنی جانچ کروانا لازمی ہوگا۔ کچھ دنوں پہلے ضلع میں بینگلور سے یلاپور جانے والی سرکاری بس کا کنڈکٹر کورونا سے متاثر پایا گیا تھا جس کے بعد اس بس پر سوار ہونے والوں میں دہشت پیدا ہوگئی تھی۔ اسی طرح جمعہ کے روز انکولہ کے ایک شخص کو کورونا ہونے کی خبر دی گئی تھی جو کہ مینگلورو سے لوٹا تھا۔ ان دونوں معاملات اور بینگلورو میں کورونا کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے ضلع انتطامیہ نے بینگلورو سے لوٹنے والوں کے لیے کورونا کی جانچ لازمی قرار دی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ نے تمام تعلقوں میں اس بات کے احکامات جاری کر دیے ہیں کہ جو بھی بس بینگلور سے آئے گی اس کو سب سے پہلے سرکاری اسپتال لے جایا جائے گا اور مسافروں کی معلوما حاصل کرکے ان کی جانچ وغیرہ کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ضلع اتر کینرا میں نہ صرف بینگلور سے لوٹنے والوں پر بلکہ  دوسرے اضلاع سے آنے والوں پر بھی نگاہ رکھی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں اتر کینرا ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ تعلقہ سطح پر ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو کہ دوسرے اضلاع سے آنے والوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ ڈی سی نے بتایا کہ اب پہلے مرحلہ میں بینگلور سے لوٹنے والوں کی معلومات لے کر ان کی جانچ کرکے گھروں کو بھیج دیا جارہا لیکن ضرورت پڑنے پر اس سلسلہ میں کچھ ضروری اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔