سعودی شاہ سلمان کے لیے اردن کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ
04:06PM Tue 28 Mar, 2017
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو منگل کے روز سربراہان ریاست کے لیے مخصوص اردن کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ پیش کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں دارالحکومت عُمّان میں ایک خصوصی فوجی پریڈ منعقد کی گئی ہے اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو الشریف الحسین بن علی ہار پیش کیا ہے۔ یہ اردن کی ہاشمی بادشاہت کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہے جو غیر ملکی بادشاہوں اور صدور کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
فوجی پریڈ کے موقع پر متعدد سعودی شہزادے ، وزراء اور اعلیٰ عہدے دار بھی موجود تھے۔ شاہ سلمان کا جنوری 2015ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اردن کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
دریں اثناء عُمّان کے ایوان صنعت وتجارت کے صدر زیاد الحمصی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں مملکتوں کے درمیان مثالی اقتصادی تعلقات استوار ہیں اور خادم الحرمین الشریفین کے دورے سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔